0
Monday 3 Dec 2012 12:50

پاکستان کے ساتھ روابط بڑھانے میں کسی محدودیت کے قائل نہیں، احمدی نژاد

پاکستان کے ساتھ روابط بڑھانے میں کسی محدودیت کے قائل نہیں، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ تہران میں مشیر پیٹرولیم عاصم حسین نے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد سے ملاقات کی، ملاقات میں گیس پائپ لائن منصوبے پر سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ملاقات میں وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے صدر احمدی نژاد کے ساتھ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت کی۔ اس سے پہلے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے ایرانی وزیر خارجہ اور وزیر پیٹرولیم سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور تجارتی شعبے میں ایران اور پاکستان کے تعلقات کی سطح میں اضافے اور وسیع تر تعاون کو دونوں ملکوں کے لئے سود مند اور مفید قرار دیا ہے، میڈیا نیوز کے مطابق ایرانی صدر احمدی نژاد نے اتوار کے روز تھران میں پاکستان کے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے ساتھ ملاقات میں مختلف شعبوں خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی شعبے میں ایران اور پاکستان کے تعلقات کی سطح میں اضافے اور وسیع تر تعاون کو دونوں ملکوں کے لئے اہم اور مفید قرار دیا ہے۔

ملاقات میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعل‍قات بڑھانے میں کسی بھی قسم کی محدودیت کا قائل نہیں، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات ایک دن ایسی سطح پر پہنچ جائیں کہ دونوں ممالک اپنی ضروریات کا ایک بڑا حصہ ایک دوسرے سے پورا کر سکیں۔  ایرانی صدر نے پاکستان کی سرزمین پر گیس پائپ لائن منصوبے کے کام کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو جلد از جلد پائہ تکمیل تک پہنچنا چاہیے، کیونکہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کی فلاح و بہبود میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان کے مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے بھی اس ملاقات میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ کے کام میں پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایران کے ساتھ تمام شعبوں خاص طور سے انرجی کے سیکٹر میں اپنے تعاون کو مزید فروغ دینے میں مصمم ہے۔

قبل ازیں مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے تہران میں ایرانی وزیر پٹرولیم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر تبا دلہ خیال کیا، ایران میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری کئے گئے اعلامیئے کے مطابق مشیر پٹرولیم ایران کے دو روزہ دورے پر ہیں، اعلامیئے کے مطابق مشیر پٹرولیم تہران میں ایران کے وزیر پٹرولیم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اعلامیئے کے مطابق مشیر پٹرولیم اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر احمدی نژاد سے بھی ملاقات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 217406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش