0
Thursday 20 Dec 2012 21:55

ہماری فکر کی عکاسی الطاف حسین کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کر رہی ہے، میر واعظ عمر فاروق

ہماری فکر کی عکاسی الطاف حسین کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کر رہی ہے، میر واعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین و عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ ہماری سوچ و فکر کی عکاسی الطاف حسین کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کر رہی ہے، مسئلہ کشمیر پر اتفاق ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے کشمیریوں کو مذاکرات میں شامل کیا جائے، ہماری دعا ہے کہ یہاں کے حالات بھی درست ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حریت کانفرنس کے وفد کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جب میر واعظ عمر فاروق اپنے وفد کے ہمراہ نائن زیرو پہنچے تو رابطہ کمیٹی کی ڈپٹی کنوینر سینیٹر نسرین جلیل، اراکین رابطہ کمیٹی کنور خالد یونس، واسع جلیل، افتخار رندھاوا، گلفراز خان خٹک، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان طاہر کھوکھر، سلیم بٹ، اراکین اسمبلی عبدالرؤف صدیقی، انور عالم اور صوبائی مشیر حیدر عباس رضوی نے ایم کیو ایم کے کارکنان اور اسکول کے بچوں کے ہمراہ ان کا والہانہ انداز میں پرتپاک استقبال کیا اور الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کرتے ہوئے زبردست خیر مقدم کیا۔ حریت کانفرنس کے وفد میں مسلم کانفرنس کے رہنماء پروفیسر عبدالغنی بھٹ، آزاد جموں کشمیر پیپلز کانفرنس کے رہنماء بلال غنی لون، اتحاد المسلمین کے رہنماء مولانا عباس انصاری، آزاد جموں کشمیر انجمن شاری شیعیان کے رہنما آغا حسین موسوی، آزاد جموں کشمیر پیپلز لیگل کے رہنماء مختار احمد اور آزاد جموں کشمیر پیپلز پولیٹکل فورم کے رہنماء محمد مصدق عادل شامل تھے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ایم کیو ایم سے اتفاق ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے کئے جانیوالے مذاکرات میں کشمیریوں کو شامل کئے بغیر اس کو حل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں ٹریڈ و بس سروس سے زیادہ ضروری اور بنیادی مسئلہ کشمیر کا حل ہے جس کے بہتر حل کیلئے دونوں ممالک کو ایسا طریقہ کار واضح کرنا ہوگا جس پر اتفاق رائے پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسئلہ بات چیت کے بناء حل نہیں ہوسکتا اور کشمیر کا مسئلہ بھی بات اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہوگا تاہم اس میں کشمیریوں کی نمائندگی کو ضرور شامل کیا جائے، پاکستان کی جماعتیں انتخابات کی طرف جارہی ہیں لہٰذا ہماری خواہش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے منشور میں مسئلہ کشمیر کو شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ ایم کیو ایم سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس پاکستان کو ضرور تعمیر کریگی جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح (رہ) نے دیکھا تھا۔
خبر کا کوڈ : 223245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش