0
Saturday 22 Dec 2012 19:30

پارلیمان اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق قانون سازی کرے، ملی یکجہتی کونسل

پارلیمان اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق قانون سازی کرے، ملی یکجہتی کونسل
اسلام ٹائمز۔ پارلیمان اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی کرے۔ یہ 1973ء کے آئین کے مطابق موجودہ پارلیمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو زیر بحث لائے اور ان کی روشنی میں قانون سازی کرے۔ یہ بات ملی یکجہتی کونسل کے کمیشن برائے سفارشات اسلامی نظریاتی کونسل کے اعلامیہ میں کہی گئی ہے۔ کمیشن کا اجلاس کونسل کے سیکرٹریٹ میں ڈاکٹر عابد روؤف اورکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کی رکن جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو ملک کے تمام دینی مسالک کی حمایت حاصل ہے۔ اسلامی قوانین کا نفاذ تمام مذہبی جماعتوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے جن میں وہ جماعتیں بھی شامل ہیں جو انتخابی سیاست میں حصہ نہیں لیتیں۔

کمیشن میں شریک تمام جماعتوں کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو قانونی شکل دلوانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ کمیشن کے اعلامیہ میں برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں آئمہ جمعہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ برما کے مسلمانوں کے حالات سے عوام کو آگاہ کریں نیز عالمی اداروں پر زور دیں کے وہ برما کے مسلمانوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔

ملی یکجہتی کونسل کے کمیشن برائے سفارشات اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ وہ مذکورہ سفارشات کو قانونی زبان میں ڈھالنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ کمیشن نے اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین پر بھی زوردیا کہ وہ ان سفارشات کی روشنی میں پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور دیگر اراکین سے ملاقات کرکے ان سفارشات کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل کی تجویز پیش کرے گا۔

کمیشن کے اجلاس میں کچھ دیر کے لیے ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد نے بھی شرکت کی۔ انھوں نے کمیشن کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ قرآن و سنت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنا ہماری زندگیوں کا سب سے بڑا نصب العین ہے۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، مولانا فرحت عباس جوادی، خالد محمود عباسی، علامہ سبطین شیرازی، سید فضل ہادی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 223653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش