0
Tuesday 25 Dec 2012 11:45

کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل

کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل
 اسلام ٹائمز۔ تفصیلات کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہو گیا ہے۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں حریت وفد 15 دسمبر کو 10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچا تھا۔ دورے کا آغاز انھوں نے مظفرآباد سے کیا جہاں انھوں نے آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کی۔ اس کے بعد وہ اسلام آباد گئے۔ پاکستان کے دارالحکومت میں انھوں نے وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، وزیرخارجہ حنا ربانی کھر، صدر پاکستان آصف علی زرداری کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وفد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور جماعت اسلامی کے لیڈران سے لاہور میں ملاقات کی اور پاکستان کے سیاسی لیڈران سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تفصیل سے بات چیت کی۔ 

کراچی میں حریت کانفرنس کے وفد نے قائداعظم کے مزار پر حاضری دی اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ممبران سے ملاقات میں کشمیر کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ اسلام آباد میں پاکستان کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بھی حریت رہنمائوں کی اہم بات چیت ہوئی۔ حریت وفد نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا وہاں میر واعظ عمر فاروق نے سیمینار سے خطاب بھی کیا۔ اس کے علاوہ بھی حریت وفد نے پاکستان کے مختلف سیاسی اور مذہبی رہنمائوں کے علاوہ سول سوسائٹی کے مختلف افراد سے ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کےمطابق حریت وفد آج اپنا دورہ مکمل ہونے کے بعد نئی دہلی روانہ ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 224688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش