0
Wednesday 2 Jan 2013 20:29

قوم کی غالب اکثریت دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، شاہی سید

قوم کی غالب اکثریت دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی لاتعداد شہداء کی قربانیوں کی بدولت عوامی عدالت میں بھرپور طریقے سے سرخرو ہوگی، پہلے بھی تمام مشکلات کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے، اپنے عزم و حوصلے سے ظلم و جبر کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ اس وقت تمام سیاسی اور دینی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس نازک دور میں وہ قوم کے ساتھ ہیں یا دہشت گردوں کے ساتھ، قوم کی غالب اکثریت دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر شاہی سید نے مردان ہاؤس میں صوبائی تھنک ٹینک کے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا ہے اجلاس میں تمام ضلعی صدور کو عوامی رابطہ کرنے کی خصوصی ہدایات کردی گئی ہیں اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے حوالے سے تجاویز مانگ لی گئی۔

شاہی سید نے کہا کہ دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے واضح مؤقف اختیار کریں جبکہ اس اہم مسئلہ کیلئے قومی اتفاق رائے وقت کی اہم ضرورت ہے لہٰذا ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر جمہوری عمل کو بچانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے ذریعے ہمیں عوام سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، حلقہ بندیوں کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی ذاتی رائے انتہائی افسوسناک ہے اور حلقہ بندیوں کیلئے سیاسی جماعتوں کی طرف سے تجاویز کے انتظار کے اعلانات ناقابل سمجھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 227383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش