0
Monday 7 Jan 2013 16:58

شیعہ علماء کونسل کا قاضی حسین احمد کی اچانک وفات پر دلی افسوس کا اظہار

شیعہ علماء کونسل کا قاضی حسین احمد کی اچانک وفات پر دلی افسوس کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ اپنے تعزیتی بیان میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ، مرکزی نائب صدر علامہ سید ارشاد حسین نقوی، مرکزی نائب صدر مولانا سید عبدالجلیل نقوی، مرکزی نائب صدر سید محمود حسین بخاری، مرکزی نائب صدر حاجی شفیع محمد پتافی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ، سیکرٹری مالیات علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل معظم علی بلوچ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، پروفیسر خادم حسین لغاری، صدر پنجاب مولانا مظہر عباس علوی، صدر سندھ علامہ محمد باقر نجفی، صدر خیبرپختونخواہ علامہ محمد رمضان توقیر، مفتی سید کفایت حسین نقوی آرگنائزر آزاد کشمیر، علامہ آغا سید محمد عباس رضوی آرگنائزر گلگت بلتستان، مولانا اکبر حسین زاہدی آرگنائزر بلوچستان نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد ایک صاحب بصیرت و زیرک سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مہربان رہنما بھی تھے جوکہ نہ صرف جماعت اسلامی اور پاکستان کیلئے بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے اثاثہ تھے اور ان کی رحلت سے امت مسلمہ اس اثاثہ سے محروم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قاضی حسین احمد کے جانے سے سیاسی و مذہبی حلقوں میں جو خلاء پیدا ہوگیاہے اس کو پر کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ انتہائی نامساعد حالات کے باوجود قاضی حسین احمد نے کلمہ حق کہا اور ہمیشہ اتحاد امت کیلئے پیش پیش رہے جبکہ ملکی وبین الاقوامی سیاست میں بھی اپنالوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد کی قومی، ملی، مذہبی، ملکی اور بین الاقومی خدمات خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا اور وہ صدیوں دلوں میں زندہ رہیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے خانوادے اور جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، نائب امیر سراج الحق، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت تمام عہدیداروں و کارکنوں سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں ہم مرحوم کے خانوادے اورجماعت اسلامی کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 228904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش