0
Wednesday 9 Jan 2013 21:32

ملک کو اب کسی اور انقلاب کی ضرورت نہیں ہے، نثار کھوڑو

ملک کو اب کسی اور انقلاب کی ضرورت نہیں ہے، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ملک میں اب لانگ مارچ یا شارٹ مارچ کے ذریعے جمہوری حکومت کو گھر بھیجنے اور عام انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے سمیت جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کا دور گزر چکا ہے، جسے چاہے کتنے ہی مارچ کیوں نہ کیے جائیں مگر حکومت آئین کے تحت مارچ تک اپنا آخری دن بھی پورا کرے گی اور اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے بعد غیر جانبدار نگراں سیٹ اَپ تشکیل دیا جائے گا اور عام انتخابات ہر حال میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قربانیاں دے کر اور ڈکٹیٹر شپ کو ہمیشہ کے لیے گھر بھیج کر ملک میں جمہوریت اور اداروں کو مضبوط کیا ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا ہے اس لیے ملک کو اب کسی اور انقلاب کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے نعروں کی آڑ میں ملک پر ڈکٹیٹر شپ مسلط کرنے والی سوچ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور اس قسم کی سوچ رکھنے والے یہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں اور انہیں کامیابی کبھی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری جن کے اشاروں پر پاکستان آئے ہیں ان کے ایجنڈا کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ لوگوں کو پاکستان کے مستقبل کے متعلق فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ملک کے مستقبل کے متعلق فیصلے کرنے کا حق صرف عوام اور عوامی حکومتوں کو ہے اور عوام ان امپورٹڈ لوگوں کو جان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری ڈکٹیٹروں کی زبان بول رہے ہیں اگر جمہوریت کو نقصان ہوا تو ذمہ دار طاہر القادری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت میں فوج سمیت دیگر قوتوں کی شمولیت آئین کے خلاف ہے اس لیے نگراں حکومت میں فوج کو شامل کرنے کی باتیں کرنے والے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اس لیے آئین کی علمبردار سپریم کورٹ آئین کے خلاف باتیں کرنے والوں کا نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 229645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش