0
Saturday 12 Jan 2013 19:42

کوئٹہ،یخ بستہ ہواوں اور سرد موسم کے باوجود حکومتی بےحسی اور مظلوموں کی مقاومت جاری

کوئٹہ،یخ بستہ ہواوں اور سرد موسم کے باوجود حکومتی بےحسی اور مظلوموں کی مقاومت جاری
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کے خلاف علمدار روڈ پر کوئٹہ یکجہتی کونسل کی جانب سے لاشوں کے ہمراہ ستائیس گھنٹے سے دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین نے شہر کی سکیورٹی فوج کے حوالے کرنے تک میتیوں کی تدفین سے انکار کر دیا۔ ایک آدھ لاش نہیں چوراسی میتیں سڑک پر پڑی ہیں۔ آسمان کانپا نہ زمین لرزی۔ حکمراں بھی ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ جن کے لاشے ہیں ان کے پیارے کہتے ہیں شوہر، باپ، بھائی اور بیٹے کی میت دفن نہیں کی جائے گی۔ وہ ایسا اس لیے کر رہے ہیں کہ انہیں جینے کا حق نہیں دیا جا رہا۔ یخ بستہ ہوائیں اور سرد موسم۔ موسم کی سختی سے بےپرواہ کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین گذشتہ رات سے سڑک پر سراپا احتجاج ہیں۔ ٹھنڈی ہوائیں بھی ان کے جذبات کو سرد نہ کرسکیں۔ کوئٹہ والوں کو یہ دن بھی دیکھنا پڑا کہ امن و امان کا دور دور تک نام و نشان نہیں۔ ان کی بڑی مثال سڑک پر پڑی چوراسی لاشیں ہیں۔
 
شام سے رات ہوگئی۔ پھر رات کی تاریکی نے نئی صبح کو جنم دیا۔ اب دوپہر ہو رہی ہے۔ ٹھٹھرتی سردی میں ایک ہی مطالبہ۔ ان سے جینے کا بنیادی حق نہ چھینا جائے۔ مظاہرین نے جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں۔ یخ بستہ ہوائوں اور بارش نے بھی ان مظاہرین پر اثر نہ کیا۔ خواتین، بچے اور مرد۔ علمدار روڈ پر ہے ان کا ڈیرہ۔ وہی جگہ جہاں موت نے بھیانک رقص کیا۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ شہر میں سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے کی جائے۔ تاکہ زندہ بچ جانے والے جیسی تیسی زندگی گزار سکیں۔ صوبے کے چیف سیکریٹری، پولیس اور ایف سی نے مظاہرین کو منانے کی کوشش کی۔ دھرناختم کرنے کی اپیل کی۔ لواحقین کہتے ہیں مطالبات پورے ہونے کی صورت میں ہی اپنے پیاروں کو دفنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 230477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش