0
Wednesday 16 Jan 2013 13:12

بھارت جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے، دہشتگردی محض فوجی کارروائی سے ختم نہیں کی جاسکتی، حنا ربانی

بھارت جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے، دہشتگردی محض فوجی کارروائی سے ختم نہیں کی جاسکتی، حنا ربانی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے سلامتی کونسل سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ دہشتگردی محض فوجی کارروائی سے ختم نہیں کی جاسکتی، دہشتگردی کیخلاف جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کیخلاف پختہ عزم کر رکھا ہے، پاکستان نے خطے میں امن کیلئے اہم اقدامات کیے، توانائی کے بحران کے حل کے لیے مدد چاہیے۔ 
قبل ازیں نیویارک میں ایشیا سوسائٹی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگجوانہ بیانات کے باوجود پاکستان نے مفاہمت کا رویہ اپنایا ہوا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکی امداد کا شکرگزار ہے، لیکن افغانستان میں 72 ارب ڈالر کے اخراجات کے مقابلے میں یہ امداد کچھ بھی نہیں۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اچانک دُہری شہریت کے ساتھ پاکستان میں آئیں ہیں، وہ نظام کو پٹڑی سے اُتارنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری کسی صوبائی یا قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے کا اہل نہیں ہے تو پارلیمنٹ کی معطلی کا کیسے کہہ سکتے ہیں؟ 

دیگر ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے دہشتگردی کسی صورت قبول نہیں، اس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں جبکہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا پاکستان دہشتگردی کے خلاف کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کا خصوصی اجلاس وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں بان کی مون نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا وہ حالات ختم کرنا ہوں گے جو دہشتگردوں کو جنم دیتے ہیں۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے اور دنیا کو مشترکہ طور پر اس کے خاتمے کی کوشش کرنا ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 231766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش