0
Thursday 24 Jan 2013 11:06

جشن آمد رسول اللہ، کشمیر بھر میں میلاد و درود سلام کی صدائیں بلند

جشن آمد رسول اللہ، کشمیر بھر میں میلاد و درود سلام کی صدائیں بلند
اسلام ٹائمز۔ جشن عید میلاد النبی (ص) کے سلسلہ میں آزاد کشمیر بھر میں آج سے سہ روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ نبی آخرالزمان (ص) کی آمد پر اہل مظفرآباد کا شوق دیدنی ہے تمام کاروباری سنٹر، پلازے، گلی محلے سجا دیئے گئے ہیں۔ ہر طرف سبز رنگ کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ جب کہ درود پاک کی محفلوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تقریبات کا باقاعدہ آغاز گذشتہ شب مظفرآباد میں شمع بردار ریلی نکال کر کیا گیا جس نے شہر بھر کا چکر لگایا۔ ریلی کی قیادت مولانا قاری خوشی محمد نے کی اور ریلی کے شرکاء سے میلاد چوک میں خطاب مولانا محمد عثمان نے کیا۔ جنھوں نے حضور (ص) کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور امت کو رسول اکرم (ص) کی سیرت پر چلتے ہوئے متحد ہونے کی تلقین کی۔ ریلی میں عاشقان مصطفی (ص) نے کثیر تعدار میں شرکت کی۔ کشمیر کے دیگر حصوں میں بھی 12 ربیع الاول کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ 

اسی طرح ہیجرہ شہر کو جھنڈیوں، بینرز اور پوسٹرز سے سجایا گیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی نے شہر بھر میں لائٹنگ کروا کر شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں عوام میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے اور ہیجرہ کے گرد و نواح میں بھی میلاد النبی (ص) کی محافل کا سلسلہ جاری ہے جہان نعت خواں حضرات اور علماء نبی آخر الزمان (ص) کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ چک بازار میں جامع مسجد جبل نور میں جمعتہ المبارک کی نماز کے بعد جلوس نکالا جائے گا جو صابر شہید چوک تک جا کر واپس مسجد جبل نور آئے گا جہاں میلاد کے سلسلے میں تقریب منعقد ہو گی جس سے جید علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔ 

مرکزی سیرت کانفرنس کمیٹی تھواڑ کی پریس ریلیز کے مطابق آج بروز جمعرات جامع محمدی مسجد میں عظیم الشان سیرت النبی (ص) کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ جس میں آزاد کشمیر و پاکستان کے جید علماء کرام ، نعت خواں حضرات اور خطیب خطاب کریں گے۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی امیر جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر حضرت مولانا سعید یوسف ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 234175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش