0
Friday 25 Jan 2013 11:39

برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان
 اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ زبیر اقبال کیانی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ برطانیہ کے اندر کشمیریوں کی اتنی بڑی تعداد ہونے کے باوجود ہم مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کا برطانیہ کے اندر تنظیم سازی کرنے کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ کشمیری جو برطانیہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں آباد ہیں وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے اپنے بہن بھائیوں کی آواز کو برطانیہ کی کونسلوں، پارلیمنٹ ہاؤسں اور ہاؤس آف لارڈز میں پہنچا سکے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو یہ دکھا سکیں کہ اس اکیسویں صدی کے دور میں کس طرح سے ڈنڈے اور بندوق کے زور پر کشمیری قوم کو اپنے حق خودارادیت سے محروم رکھنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد ادریس نے اپنے بیان میں 26 جنوری بروز ہفتہ بھارتی یوم جمہوریہ کو برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کی طرف سے یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے یہ پرامن احتجاج دن 1:00 بجے سے بعد از دوپہر 3:00 بجے تک بھارتی ہائی کمیشن لندن کے باہر ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے برطانیہ میں بسنے والے تمام کشمیریوں سے مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ راجہ زبیر نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ حق ہے جس کو گولی کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں منظور کی گئی قراردادوں پر عمل نہ ہونا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کے زیر نگرانی غیر جانبدار رائے شماری میں ہے لیکن بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی، جارحانہ اور جنگی عزائم کی وجہ سے آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا اور ہمیشہ یہی کہتا رہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے ریاست کے اندر سات لاکھ سے زائد فوجی قتل و غارت اور ظلم و ستم کی انتہا کر رہے ہیں۔ سوا لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے حوصلے کو پشت نہیں کر سکا، اپنے آپ کو جمہوری ملک کہنے والا کشمیر کے اندر دنیا کی بدترین دہشت گردی اور نسل کشی میں مصروف ہے۔

خبر کا کوڈ : 234451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش