0
Monday 28 Jan 2013 12:50

قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) میری بڑی غلطی تھی، پرویز مشرف

قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) میری بڑی غلطی تھی، پرویز مشرف
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ این آر او ان کی غلطی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لال مسجد کے واقعے میں طالبات یا بچیاں ہلاک نہیں ہوئی تھیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے نیویارک میں اپنی پارٹی کے جلسے کے بعد میڈیا کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ انہوں نے نواب اکبر بگٹی کو قتل کرایا تھا، وہ کسی بھی قتل میں ملوث نہیں رہے لیکن لوگ جب علیحدگی کی بات کریں گے تو ریاست اپنا کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمتی آرڈیننس ان کی غلطی تھی اور حلفیہ دعویٰ کیا کہ لال مسجد کے واقعے میں کوئی بھی طالبات یا بچیاں ہلاک نہیں ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ وطن واپسی پر کسی سے بھی رحم کی درخواست نہیں کریں گے اور نہ ہی معافی مانگیں گے، لیکن انہوں نے ایک بار پھر اپنی وطن واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی۔ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وہ انتخابات سے پہلے پاکستان واپس جا رہے ہیں جہاں ان کی پارٹی انتخابات میں حصہ لے کر تیسرے سیاسی متبادل کے طور پر موجودہ نظام کو تبدیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اتنی سیکیورٹی دی گئی جتنی انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو مہیا کی تھی تو انہیں خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان واپسی پر اپنے خلاف مقدمات اور گرفتاری سمیت ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 235404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش