0
Monday 28 Jan 2013 17:47

بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا دوسرا دن، امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت پر بھرپور تاکید

بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا دوسرا دن، امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت پر بھرپور تاکید
اسلام ٹائمز۔ 26ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس "پیغمبر اسلام (ص) اسلامی تشخص کی علامت" کے زیر عنوان کل اتوار کے روز سے اسلامی جمہوری ایران کے دارالحکومت تہران میں شروع ہوچکی ہے۔ اس کانفرنس میں سو سے زائد اسلامی و غیر اسلامی ممالک کے علماء، دانشور اور دیگر اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ ہفتہ وحدت اور جشن میلادالنبی (ص) کی مناسبت سے ہونے والی اس سالانہ کانفرنس میں ایک ہزار کے لگ بھگ ایرانی علماء اور مفکرین جبکہ عالم اسلام کی تین سو علمی، سیاسی اور ثقافتی شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔ جس میں جامعۃ الازھر کے علماء، سوڈان، شام اور تیونس کے مفتیان اعظم اور پاکستان و خلیج فارس نیز دیگر ممالک کے علماء اور مفکرین بھی موجود ہیں۔ پوری دنیا خاص طور پر عالم اسلام کے موجودہ حالات کے پیش نظر یہ کانفرنس بہت ہی اہمیت کی حامل ہے۔
 
آج بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کا دوسرا روز ہے۔ آج کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی اہلبیت (ع) کونسل کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین محمد حسین اختری نے کہا ہے کہ تین ہزار سے زائد مسلم علماء نے اسلامی اتحاد کے منشور پر دستخط کئے ہیں۔ عالمی اہلبیت (ع) کونسل کی جانب سے اسلامی اتحاد کا منشور وضع کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آنحضرت (ص) اور اہل بیت (ع) کی جانب سے تاکید کی گئی اسلامی اخوّت و اتحاد اور بھائی چارے کو محقق کرنے کے لئے عملی طور پر مناسب موقعہ فراہم ہوا ہے۔ انہوں نے اسلامی امۃ کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر مسلم علماء اسلامی اتحاد سے بالاتر ہو کر پیغمبر اسلام (ص) اور اہل بیت (ع) کی جانب سے تاکید کی گئی اسلامی اخوّت کو عملی بنائیں، تو دنیائے اسلام میں موجود بیشتر مسائل و مشکلات حل ہو جائیں گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے چھبیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعادت مندانہ زندگی اتحاد کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ خداوند متعال نے انسان کو ایک دوسرے کے مقابلے اور دشمنی کے لئے پیدا نہیں کیا، بلکہ انسان کی تخلیق اس لئے ہوئی ہے کہ وہ باہمی تعاون، اتحاد اور محبت کے ساتھ ایسا ماحول بنائے کہ پوری انسانیت سعادت مند زندگی سے ہمکنار ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا اخلاص زیادہ ہوگا آپس میں اتحاد و یکجہتی بھی اتنی ہی زیادہ ہوگی۔ ایرانی صدر کا تاکید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا اور علاقے کو درپیش مسائل اور خطرات، اختلافات سے پرہیز اور اتحاد کا تقاضا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ تسلط پسند اور اقتدار کے بھوکے ہیں، وہ خدا اور حاکمیت خدا پر یقین رکھنے اور خدا کی حاکمیت کے لئے کوشش کرنے والوں کے ساتھ ہرگز نہیں ہوسکتے۔

اسلامی جمہوری ایران کے دارالحکومت تہران میں 26 ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تیونس کے مفتئ اعظم شیخ عثمان بطیخ نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے مسائل صرف مسلمانوں میں اتحاد کے ذریعے سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلام سے قبل دنیا جاہلیت کے دور میں تھی۔ آنحضرت (ص) کا ظہور اور قرآن مجید کا نزول مسلمانوں کیلئے رحمت بنا، تاکہ وہ متحد ہوسکیں۔ شیخ عثمان بطیخ کا مزید کہنا تھا کہ پیغمبر اسلام (ص) انسانیت کی نجات کیلئے مبعوث ہوئے، اس لئے مسلمانوں کو چاہیئے کہ آپ (ص) کی سیرت پر عمل اور آنحضرت (ص) سے تجدید بیعت کریں۔ سوڈان کے علماء وفد کے سربراہ محمد صالح عثمان کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام میں دنیاوی و اخروی خواہشات میں توازن، علمی و سائنسی، دینی و اقتصادی اتحاد اور وحدت اسلامی کے ثمرات میں سے ہے۔

شام کے مفتئ اعظم احمد بدرالدین حسون نے بھی اپنے خطاب میں حضور ختمی مرتبت (ص) اور اسی طرح شیعیان جہان کے چھٹے امام حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جبکہ امریکہ اور اسرائیل ماضی سے کہیں زیادہ علاقے کے مختلف ممالک باالخصوص عراق، ایران، شام اور افغانستان پر دباؤ بڑھا رہے ہیں، عالم اسلام کو اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ اشّد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 235469
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش