0
Wednesday 30 Jan 2013 01:37
امام خمینی (رہ) نے ہفتہ وحدت کے ذریعے اسلامی معاشرے کو حقیقی وحدت کا موقع فراہم کیا

دنیا کا کوئی نظریہ بزور طاقت نہیں پھیلایا جاسکتا، علامہ سید جواد ہادی

دنیا کا کوئی نظریہ بزور طاقت نہیں پھیلایا جاسکتا، علامہ سید جواد ہادی
اسلام ٹائمز۔ سابق سینیٹر اور معروف عالم دین علامہ ڈاکٹر سید جواد ہادی نے کہا ہے کہ فکری اختلاف سے علم کے نئے دروازے کھلتے ہیں، دنیا کا کوئی نظریہ بزور طاقت نہیں پھیلایا جا سکتا، داعی وحدت امام خمینی (رح) نے ان ایام کو ہفتہ وحدت سے منسوب کرکے اسلامی معاشرے کو حقیقی وحدت کا موقع فراہم کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب ولادت حضرت محمد مصطفٰی (ص) و امام جعفر صادق (ع) کی مناسبت سے جامعہ شہید عارف حسین الحسینی پشاور میں منعقدہ ’’سیرت النبی (ص)‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسالک کے مابین اختلاف کا مطلب لڑائی جھگڑا کرنا نہیں ہے۔ اگر فکری اختلاف نہ ہو تو پیش رفت اور ترقی کا راستہ رک جاتا ہے۔ اختلاف کے نتیجے میں علم کے نئے نئے دروازے کھلتے ہیں۔ مسائل کا حل مکالمے اور گفتگو سے نکالتا ہے۔ اگر ہم ایک دوسرے کے ہمدرد اور بھائی ہیں تو ہمیں قرآن کی روشنی میں ایک دوسرے کی رہنمائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر رسول (ص) کو اپنے لئے حقیقی طور پر نمونہ عمل قرار دیں تو کوئی ہمارے درمیان پیار، محبت اور قربت خود بخود پیدا ہو جائے گی۔ حقائق بتانے کیلئے لڑائی جھگڑے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ مسلمان معاشرے میں اسوہ رسول (ص) عملی طور پر نافذ نہیں، اس لئے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اگر ہم اسوہ رسول (ص) پر عملی طور پر عمل پیرا ہوں گے تو کوئی یہ نہیں کہے گا کہ اسلام تلوار کے زور پر پھیلا ہے یا اسلام کا تعلق دہشتگردی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ (ص) امن کے پیامبر اور پیار و محبت کے داعی ہیں، تعلیمات محمدی (ص) میں نفرت اور جنگ و قتل کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی نظریہ بزور طاقت پھیلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ختم کیا جاسکتا ہے، پیغمبر اسلام (ص) نے جب قرآن کی بنیاد پر تبلیغ کی، تو ہم قرآنی دلائل کی بنیاد پر گفتگو کیوں نہیں کرسکتے؟ انہوں نے کہا کہ داعی وحدت امام خمینی (رح) نے ان ایام کو ہفتہ وحدت سے منسوب کرکے اسلامی معاشرے کو حقیقی وحدت کا درس دے دیا، امام (رح) فرماتے ہیں جو شیعہ اور سنی کے مابین تفرقہ کی بات کرتا ہے وہ نہ شیعہ ہے اور نہ سنی، بلکہ وہ اسلام دشمن عناصر کا ایجنٹ ہے۔ لہذا ہمیں مسلمان کی حیثیت سے زندگی گزارنی چاہئے، امام خمینی (رح) نے ہفتہ وحدت کے ذریعے امت مسلمہ کو ایک دن نہیں بلکہ پورے ہفتہ کو نبی کریم (ص) کی تعلیمات سے استفادہ کرنے کیلئے موقع فراہم کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 235851
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش