0
Sunday 3 Feb 2013 12:29

امریکہ نے نائن الیون کی آڑ میں تین ملک کھنڈر بنا دیئے ہیں،فضل کریم

امریکہ نے نائن الیون کی آڑ میں تین ملک کھنڈر بنا دیئے ہیں،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ کراچی لاشوں اور جنازوں کا شہر بن چکا ہے، ریاست کے آہنی ہاتھ کہیں دکھائی نہیں دیتے، لیڈر سیاست چھوڑ کر کراچی بچانے کی فکر کریں، ایسا قانون بنایا جائے کہ ممبران اسمبلی، سینیٹر، جرنیل، جج اور بیوروکریٹس اپنا بیرون ملک سرمایہ پاکستان لانے پر مجبور ہو جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ سیاست کار عوام کی انتخابی عدالت میں سزا سے نہیں بچ سکیں گے، پاکستان خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، موت گلی کوچوں میں رقص کر رہی ہے اور ہر طرف خونیں کھیل جاری ہے، عوام موجودہ استحصالی نظام کے خلاف بغاوت کریں، ملک کی محبت کو اقتدار کی محبت پر غالب کرنا ہو گا، ڈرون حملوں سے ہلاکتوں کی تعداد نائن الیون حملوں میں مرنے والوں سے کہیں زیادہ ہے، امریکہ نے نائن الیون کی آڑ میں تین ملک کھنڈر بنا دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بدعملی نے قومی وحدت ختم کر دی ہے، جمہوریت کے نام پر قوم سے بدترین انتقام لیا جا رہا ہے، کراچی میں شرپسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ٹیکس چوری کے راستے بند کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اذیت ناک اور بےلگام لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اور مہنگائی میں مسلسل اضافے کے جھٹکوں نے عوام کے اعصاب شل کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور عوام کی اجتماعی نفسیات برباد ہو چکی ہے۔ 

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بلوچستان میں زبان اور مسلک کی بنیاد پر بےگناہ لوگ قتل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی۔ حکمران اور لیڈر عوام کو ’’طویل نگرانوں‘‘ سے ڈرانا بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں بھارت کو مضبوط کر رہا ہے تاکہ افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد پاکستان پر دباؤ برقرار رکھ سکے، پاکستانی حکمران اور قوم امریکی چال کو سمجھیں، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔
خبر کا کوڈ : 236807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش