0
Tuesday 5 Feb 2013 22:10

مجلس وحدت مسلمین سمیت پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ ہے، علامہ مجتبیٰ الحسینی

مجلس وحدت مسلمین سمیت پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کیساتھ ہے، علامہ مجتبیٰ الحسینی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری امور جوانان علامہ مجتبیٰ حسین الحسینی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کیساتھ ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے، کشمیر کی آزادی تک اپنے مظلوم بہن بھائیوں کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام عالم بلخصوص کئی مسلم ممالک کی خاموشی انتہائی افسوس ناک ہے، جبکہ اقوام متحدہ اب تک اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے جو مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں آئے روز بےگناہ مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور بھارتی فوجیوں کی جانب سے خواتین کی آبروریزی کی جاتی ہے لیکن اب تک عالمی سطح پر ان انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس نہیں لیا گیا۔
 
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، مجلس وحدت مسلمین سمیت پوری پاکستانی قوم ان کیساتھ ہے اور جب تک غاصب بھارتی فوج کے تسلط سے کشمیر کو آزادی نہیں مل جاتی ہم کشمیری بہن بھائیوں کی مظلومیت کی آواز کو اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ زبانی طور پر کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کی بجائے حقیقی معنوں میں یہ اہم ترین مسئلہ اقوام متحدہ میں دوبارہ زندہ کریں اور اس کے فوری حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔
خبر کا کوڈ : 237395
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش