0
Friday 8 Feb 2013 04:50

صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے جبکہ حکمران علیحدہ صوبوں کے نام پر سیاست کررہے ہیں، وسیم اختر

صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے جبکہ حکمران علیحدہ صوبوں کے نام پر سیاست کررہے ہیں، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ ڈاکٹرسید وسیم اختر نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ لاہورکی سڑکوں پر پورے صوبے کا بجٹ لگارہے ہیں جبکہ دوسرے اضلاع احساس محرومی کاشکار ہیں۔ ملتان سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ جرائم کی شرح میں21فیصد سے زائد کا اضافہ خادم اعلیٰ کی گڈگورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تمام اہم فیصلے کچن کیبنٹ میں ہورہے ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ وہاں کے عوام کو ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔ حکمران علیحدہ صوبوں کے نام پر سیاست کررہے ہیں۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ عوام کو جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے چنگل سے نکال کر ان کے آئینی و قانونی حقوق بحال کیے جائیں۔ 65برس سے ملک پرمخصوص خاندان حکمرانی کرتے چلے آرہے ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل کوئی نیا پنڈورا باکس کھولنا الیکشن ملتوی کرانے کی سازش ہے۔ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل شفاف اور منصفانہ انتخابات میں مضمر ہے۔ عوام ووٹ کی پرچی کو ایک امانت سمجھتے ہوئے دیانتدار لوگوں کے حق میں ڈالیں۔ جب تک پاکستان میں دوجماعتی نظام ختم نہیں ہوجاتا ملک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کرسکتا۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ موجودہ دور حکومت پاکستان کی تاریخ کا کرپٹ ترین دور ہے۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے پاکستان کو استعماری قوتوں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام کو بھوک، بے روزگاری، خودکشیوں، ڈرون حملوں، لاقانونیت، لوڈشیڈنگ، کرپشن اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔
خبر کا کوڈ : 237997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش