0
Saturday 9 Feb 2013 00:34

سندھ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف

سندھ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ پانچ سال میں صدر زرداری نے سندھ کا حشر کر دیا، ان سے کہا تھا کہ ملک کو ترقی دیں تو میرا ووٹ آپ کیلئے ہو گا، کراچی میں قاتلوں کو پکڑنے کیلئے سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑ رہا ہے، سندھ انتظامیہ اور پولیس ناکام ہو چکی ہے، جو لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ جدی پشتی تھے وہ بھی مایوس ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سندھ کے علاقے کنڈیارو میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے سندھ میں ڈاکو راج ختم اور کراچی میں امن قائم کیا، ہمیں پتا نہیں کس بات کی سزا دی گئی، جب میں وزیراعظم تھا تو ہر چوتھا دن سندھ میں گزارتا تھا، ہماری حکومت 2 سال میں ختم کر دی گئی، پشاور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لاہور تک موٹر وے بنائی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جو دانش اسکول پنجاب میں بنے ہیں وہ سندھ میں کیوں نہیں بنے، جس طرح پنجاب میں طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے گئے سندھ میں ایسا کیوں نہیں کیا گیا؟۔
 
نواز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ میں نہ کسی کو نوکری مل رہی ہے نہ دو وقت کی روٹی، سندھ کے عوام کو کچھ نہیں ملتا، سندھ میں نہ فصلوں کیلئے پانی ہے نہ پینے کیلئے، 5 سال میں صدر زرداری نے سندھ کا حشر کر دیا، نیک نیتی کے ساتھ صدر آصف زرداری سے تعاون کیا، میں کہتا ہوں کہ زرداری صاحب پاکستان کو ترقی دیں، میرا ووٹ آپ کیلئے ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزانہ 10 افراد قتل ہو رہے ہیں، جنوری میں تقریباً 300 لوگ مارے گئے، کراچی میں قاتلوں کو پکڑنے کیلئے سپریم کورٹ کو حکم دینا پڑ رہا ہے، جب سپریم کورٹ نے حکم دیا تو دبئی سے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم کو پکڑا گیا، سندھ میں انتظامیہ اور پولیس ناکام ہو چکی۔ 

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری سے بہت دھوکے کھائے، وہ مجھ سے وعدے کرکے مکر گئے، کہا کہ قرآن و حدیث نہیں، کیا میں صدر زرداری کی ضمانت دے سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دو تین مہینوں میں دنگل ہونے والا ہے، ملک کی تقدیر پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے، آپ نے صحیح فیصلہ کیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی، کچھ بھی ہو جائے سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دینگے، نیا بلدیاتی نظام سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ کے دیہی علاقوں کو بھی وہی حقوق ملنے چاہئیں جو شہری علاقوں کو مل رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پر تنقید کرنے والی جماعتیں انتخابات کے بائیکاٹ کی راہ ہموار کر رہی ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ دنگل لگنے والا ہے اب سیاسی جماعتیں بھاگیں مت اور میدان میں آ کر مقابلہ کریں۔ جلسے میں پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ظفر علی شاہ نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ شکست سے خوفزدہ سیاسی جماعتیں الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہیں۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ سندھ کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر کنڈیارو کو بھی موٹروے سے ملائیں گے۔ اس سے پہلے نواز شریف نے سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکست سے خوفزدہ سیاسی جماعتیں الیکشن ملتوی کروانا چاہتی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار نے، تحریک انصاف، مسلم لیگ ق اور طاہرالقادری کو پھڈے باز قرار دیدیا۔
خبر کا کوڈ : 238217
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش