0
Sunday 17 Feb 2013 15:46

سنی اتحاد کونسل نے مجلس وحدت کے دھرنے کی حمایت کر دی

سنی اتحاد کونسل نے مجلس وحدت کے دھرنے کی حمایت کر دی
اسلام ٹائمز. سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جاری لہر قابل مذمت ہے اور کوئٹہ میں خصوصی طور پر ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنانے کے پیچھے بھی امریکی عزائم دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام اہلسنت اپنے اہل تشیع بھائیوں کیساتھ ہیں اور لاہور میں جاری دھرنے کی بھی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شیعہ سنی کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں بلکہ محض ایک گروہ ہے جو امام بارگاہوں کو بھی نشانہ بناتا ہے اور درباروں مزاروں پر بھی حملے کرتا ہے اور یہی لوگ استعماری قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ سانحہ کوئٹہ کے ملزموں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے بعد اب وہاں گورنر راج میں ایسا اندوہناک واقعہ ہونا بہت سے سوالوں کو جنم دیتا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے شہدائے کوئٹہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں جاری دھرنے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردوں کا مقابلہ بھی باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کو اپنے اندر موجود شرپسندوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ دہشت گردوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔
خبر کا کوڈ : 240383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش