0
Tuesday 19 Feb 2013 21:48

سنی اتحاد کونسل نے بھی کوئٹہ فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا

سنی اتحاد کونسل نے بھی کوئٹہ فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی راہنماؤں صاحبزادہ فضل کریم، صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی، حاجی محمد حنیف طیب، علامہ محمد شریف رضوی، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، محمد نواز کھرل، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، علامہ نواز بشیر جلالی، رانا محمد عرفان، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی اور مفتی محمد حسیب قادری کے نام سے جاری ہونے والے اس مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کوئٹہ کو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتی ہے،فرقہ پرست دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

سنی اتحاد کونسل فرقہ وارانہ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کے خلاف جمعہ 22 فروری کو ملک بھر میں ’’یومِ امن‘‘ منائے گی۔ یومِ امن کے موقع پر خطباتِ جمعہ میں قتل ناحق کے خلاف زوردار آواز اٹھائی جائے گی اور جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ راہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ کا المناک واقعہ کھلی دہشت گردی، جنونیت، وحشت اور درندگی ہے، فرقوں کو لڑا کر پاکستان کو کمزور اور اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کی مذمت نہیں مزاحمت کرنا ہو گی، دہشت گردوں، قاتلوں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، پوری قوم کوئٹہ کے مقتولین کے غم میں شریک ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کو کچلنے کے لیے مصلحتوں کو چھوڑ کر جرأت مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے، ملک میں خانہ جنگی کی سازش پر عمل شروع ہو چکا ہے، گوادر بندرگاہ کی چین کو حوالگی اور پاک ایران گیس منصوبے کی مخالف عالمی قوتوں نے پاکستان میں خونی کھیل کا آغاز کر دیا ہے، ریاستی اداروں کو انتہاپسندوں اور دہشت گردوں کے حامیوں سے پاک کیا جائے، دہشت گردی کی کارروائیوں کے جواز پیش کرنے والے قومی مجرم ہیں،لاشیں گرانے والوں سے کسی کو ہمدردی نہیں ہونی چاہیے، ریاست کی بنیادیں ہل رہی ہیں اور وزیراعظم بننے کے امیدوار مری میں آرام کر رہے ہیں، صدر، وزیراعظم اور نواز شریف کو پوری قومی قیادت کے ہمراہ ایک ہی جہاز میں کوئٹہ جانا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 241028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش