0
Tuesday 5 Mar 2013 00:01
آئندہ انتخابات ہر حوالے سے انتہائی اہم ہیں

موقع ملا تو ہزارہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے، نواز شریف

موقع ملا تو ہزارہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ ملک سے دہشت گردی اور کرپشن کا متحد ہو کر خاتمہ کرینگے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال، خوددار اور خودمختار پاکستان بنانے کے لیے ملک سے دہشت گردی اور کرپشن کا متحد ہو کر خاتمہ کرینگے ۔نواز شریف نے یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاوٴن میں ہزارہ اور مانسہرہ سے آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردار یوسف نے نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے اپنے اصولی فیصلے سے آگاہ کیا اور انہیں مانسہرہ میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی جسے نواز شریف نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہزارہ کے عوام سے محبت ہے اور موقع ملا تو ہزارہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔ ادھر خیبر پختونخواہ کے سابق ارکان صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان اور سخی محمد تنولی، مانسہرہ کے 30 سابق ناظمین، مسلم لیگ ق کی سابق ایم پی اے عائشہ جاوید نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دوسری جانب محمد نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ ن کے اجلاس میں نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کے ساتھ چکوال اور نارووال سے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مضبوط اور اچھی شہرت کے امیدوار سامنے لائیں گے، ق لیگ چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے والے رہنماء پارٹی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرینگے۔ انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور ٹکٹ فارم کی اسکروٹنی کمیٹیوں کے قیام سے متعلق ہونے والے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن صرف ایسے امیدواروں کو ترجیح دیگی جو اپنے اپنے حلقوں میں مضبوط ہیں اور ان کی فتح بھی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ہر حوالے سے انتہائی اہم ہیں اس لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے مرحلے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے ٹکٹ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں پانچ دن توسیع کی منظوری بھی دی۔ 

ق لیگ چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہونے والوں کو نواز شریف نے خوش آمدید کہا اور کہا کہ انکی مسلم لیگ ن میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہزارہ میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر مضبوط ہو رہی ہے سردار یوسف کی ن لیگ میں شمولیت سے پارٹی کو فائدہ ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے اہم اجلاس کے موقع پر شہر بھر کے قصابوں نے پنجاب حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہر کیا اور شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے پنجاب حکومت نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 244254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش