0
Tuesday 5 Mar 2013 20:21
کل ایوان میں تمام حقائق پیش کرونگا

4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، سانحہ کراچی کوئٹہ کے واقعات کا تسلسل ہے، رحمان ملک

4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، سانحہ کراچی کوئٹہ کے واقعات کا تسلسل ہے، رحمان ملک
اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے دعویٰٰ کیا ہے کہ سانحہ کراچی میں کالعدم لشکر جھنگوی کے تین اور تحریک طالبان کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے، یہ افراد ٹینکر کے ذریعے کوئٹہ طرز کا حملہ کرنا چاہتے تھے لیکن ٹینکر پکڑے جانے پر ہائی روف گاڑی میں دھماکہ کیا۔ رحمان ملک نے کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے پوری قوم متاثر ہو رہی ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے پورے منصوے اور طریقہ کی نشاندہی ہوگئی ہے، ملزمان دھماکے کیلئے ٹرک استعمال کرنا چاہتے تھے، لیکن ٹرک پکڑے جانے پر ہائی روف گاڑی استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ بلیم گیم نہیں بلکہ کالعدم لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاؤن کی مزید تفصیلات کل قومی اسمبلی میں بتائیں گے، وزیر داخلہ نے کہا کہ صحافیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری صرف حکومت کی نہیں بلکہ میڈیا ہاؤسز کی بھی ہے۔

ادھر قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سانحہ کراچی کوئٹہ کے واقعات کا تسلسل ہے، دہشتگردی کے واقعات انتخابات ملتوی کرنے کی سازش ہے۔ لشکر جھنگوی کے دہشت گرد کارروائی کرکے پنجاب میں پناہ لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کے دفاتر سیل کر رہے ہیں، دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہماری سوچ صرف اور صرف پاکستانی ہونی چاہیے۔ رحمان ملک نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ارکان کے سامنے دل کھول کر باتیں کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے بارے میں فیکٹ شیٹ قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ سانحہ عباس ٹاؤن پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کیا ایجنسیوں اور رینجرز کو دہشتگردوں کا نہیں پتہ؟ قانون فافذ کرنے والے ادارے کیا کر رہے ہیں۔ ایوان میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی مسلم لیگ ن کے رکن خواجہ آصف نے کہا کہ بیرونی حالات کے ملوث ہونے کا اسکرپٹ پرانا ہوچکا ہے۔ دہشتگردوں کے سرپرست بھی پاکستانی ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ سانحہ کراچی کوئٹہ کے واقعات کا تسلسل ہے۔ کالعدم تنظیموں کے افراد کارروائی کے بعد پنجاب چلے جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وہ کل ایوان میں تمام حقائق پیش کریں گے اور بتائیں گے کہ لشکر جھنگوی نے کوئٹہ اور کراچی کو کیوں چنا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن اسی وقت فائدہ اٹھاتے ہیں جب سکیورٹی سخت نہیں ہوتی، دہشتگردی کے واقعات انتخابات ملتوی کرانے کی بھی سازش ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ دہشتگردی کے منصوبوں میں تحریک طالبان پاکستان کے علاوہ دیگر عناصر بھی ملوث ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لائحہ عمل کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلٰی کو بھی بلایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 244494
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش