0
Wednesday 6 Mar 2013 17:31

جماعت اسلامی کے وفد کا عباس ٹاﺅن کا دورہ، متاثرین سے ملاقات

جماعت اسلامی کے وفد کا عباس ٹاﺅن کا دورہ، متاثرین سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد، سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی، ضلع شرقی کے سیکرٹری عبدالوہاب نے عباس ٹاﺅن میں ہونے والے بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور متاثرین اور شیعہ رہنماﺅں علامہ جعفر سبحانی، علامہ ناظر عباس تقوی اور دیگر رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیا۔ قبل ازیں الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کے تحت متاثرہ افراد اور خاندانوں میں منرل واٹر، بسکٹ، دودھ اور جوس کے ڈبے تقسیم کئے گئے۔
 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے برجیس احمد نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بم دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں ہونے والے پے در پے بم دھماکے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کی کھلی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ صرف یہ پیشگوئی کرتے ہیں کہ دہشت گرد داخل ہونے والے ہیں مگر وہ دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کرتے اور عملا قوم اور ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور پانچ سالوں میں 9 ہزار بےگناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔ 

جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ ہو گیا ہے۔ دہشت گرد دن دیہاڑے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناک کے نیچے اپنی کارروائی کرکے باآسانی فرار ہو جاتے ہیں اور یہ منہ دیکھتے رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اب بھی امن و امان کے قیام اور دہشت گردوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کے اقدامات نہ کئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت سیاسی مصلحت سے بالاتر ہو کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 244689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش