0
Friday 8 Mar 2013 23:44

پشاور، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سانحہ عباس ٹاون اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی ریلی

پشاور، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سانحہ عباس ٹاون اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ سانحہ عباس ٹاون کراچی ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ یوم وفا کی مناسبت سے پشاور پریس کلب سے نکالی گئی ریلی میں مجلس وحدت مسلمین سمیت شیعہ علماء کونسل اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنماوں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے دوران مظاہرین نے حکومت اور دہشتگردوں کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ سانحہ کراچی اور کوئٹہ میں ملوث دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور دونوں شہروں میں پاک فوج کی مدد سے ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کے رہنماء ڈاکٹر سلیم مہدی، شیعہ علماء کونسل ضلع پشاور کے صدر آخونزادہ مجاہد اکبر اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری توقیر یوسف نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک بھر میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، صرف ایک دہشتگرد ٹولہ معصوم لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کا کونہ کونہ بے گناہ افراد کے لہو سے رنگین ہے۔ دشمن ہمیں شہادتوں سے نہیں ڈرا سکتا، یہ ملک شیعہ سنی نے ملکر بنایا تھا اور اسے شیعہ سنی ہی بچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نام بدل کر سرگرمیوں میں ملوث کالعدم دہشتگرد تنظیموں پر پابندی عائد کی جائے اور ملک بھر میں ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے۔ مقررین نے سانحہ عباس ٹاون کے متاثرین کیلئے حکومت کی جانب سے کسی قسم کی امدادی سرگرمیاں نہ کئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کے مکانات فوری طور پر تعمیر کئے جائیں۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں شہادتوں کے ذریعے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہم نہ کل خوفزدہ ہوئے تھے اور نہ کبھی ہوں گے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہم حسینیت (ع) پر عمل پیرا ہیں۔ ہم اس وطن عزیز اور اپنے اہلسنت برادران کی بقاء کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔ آج ہم اپنے دیگر مکاتب فکر کے پیروکار بھائیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور دہشتگردی کے خلاف جاری ہماری اس تحریک کا حصہ بنیں، کیونکہ یہ صرف مسلکی قتل عام نہیں بلکہ انسانیت کا معاملہ ہے۔ مقررین نے دھمکی دی کہ اگر اس قسم کا کوئی اور دہشتگردی کا سانحہ رونماء ہوا اور قائدین نے لانگ مارچ کی کال دی تو ملک بھر کی طرح پشاور کے غیور اہل تشیع بھی اہلسنت برادران کے ہمراہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ مقررین نے پشاور میں جاری ٹارگٹ کلنگ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر مطالبہ کیا کہ قتل و غارت گری کے اس سلسلے کو روکنے کیلئے پشاور اور اس کے گردو نواح میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 245314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
متعلقہ خبر
ہماری پیشکش