0
Tuesday 19 Mar 2013 02:06

ایسا پاکستان چاہتا ہوں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا، الطاف حسین

ایسا پاکستان چاہتا ہوں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں ایسے پاکستان کا قیام چاہتا ہوں جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا، جس کے قیام کی جدوجہد قائداعظم محمد علی جناح نے کی اور جس کا ساتھ خان لیاقت علی خان نے دیا تھا۔ جہاں کسی پر کوئی ظلم نہ ہو اور سب کے ساتھ مساوی سلوک ہو اور مساوی حقوق ہوں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم کے 29 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد، حیدرآباد اور میرپورخاص میں جمع ہونے والے کارکنوں سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے حیدرآباد میں سائٹ سیکٹر آفس پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے تین کارکنوں کی شہادت کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے یہ کارکنان میرپورخاص میں یوم تاسیس کے جلسہ کی تیاری میں مصروف تھے کہ مسلح دہشت گردوں نے ہمارے آفس پر حملہ کرکے ان کارکنوں کو شہید کردیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ آج ہمارے لئے ایک خوشی کا دن تھا کہ پاکستان کی قدیم بلوچ برادری سے تعلق رکھنے والے گبول خاندان کے ممتاز رہنما نبیل گبول نے ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کیا تھا لیکن مسلح دہشت گردوں نے ہمارے ساتھیوں کو شہید کرکے ہماری خوشیوں کو تاراج کردیا۔ اللہ تعالیٰ ان قاتلوں اور دہشت گردوں پر اپنا عذاب نازل کرے اور قاتلوں کو اپنے انجام تک پہنچائے لیکن میں ان کے بچوں کیلئے بددعا نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں فساد کی نہیں امن اور پیار کی بات کرتا ہوں لیکن میری امن اور صبر کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر قوم کی عزت و حرمت بچانے کا وقت آگیا تو میں پاکستان آجاؤں گا، اگر مجھے قتل بھی کردیا گیا تو میرے خون سے انقلاب کے نعرے گونجیں گے۔ میں ڈرنے والا نہیں، اگر میں ڈرنے والا ہوتا تو مہاجروں میں پیدا نہیں ہوتا۔

الطاف حسین نے ان اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض ایم کیو ایم دشمن عناصر یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ الطاف حسین کسی موذی مرض میں مبتلا ہیں اور وہ چند دنوں کے مہمان ہیں، کوئی کہتا ہے کہ الطاف حسین کے گردے ناکارہ ہوگئے ہیں اور وہ ڈائلاسز پر ہیں۔ انہوں نے کلمہ پڑھتے ہوئے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ مجھے ایسی کوئی بیماری نہیں، موت اور زندگی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے لیکن جو لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں اللہ تعالیٰ ان سے حساب لے گا۔ الطاف حسین نے کہا کہ میں پاکستان کی بقاء سلامتی، استحکام اور ایسا پاکستان چاہتا ہوں جہاں جاگیردار، وڈیرے اور بڑے بڑے جرنیلوں کی اولادیں شہزادوں کی طرح دوسرے پر رعب نہ جماتی پھریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر افواج پاکستان پانچ سال کیلئے بلوچستان کا اختیار مجھے دیدیں تو انشاء اللہ بلوچستان میں پاکستان کے نعرے گونجیں گے اور وہاں پاکستان کے جھنڈے لہرائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 247654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش