0
Wednesday 27 Mar 2013 16:54

بھارت کا ایرانی گیس میں دوبارہ اظہار دلچسپی

بھارت کا ایرانی گیس میں دوبارہ اظہار دلچسپی
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے امریکی دباؤ پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے علیحدہ ہونے کے بعد ایک بار پھر منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کردیا ہے۔ بھارتی وزیرپٹرولیم وقدرتی گیس ایم ویراپامولی نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے امریکہ اور ایران سے رابطے میں ہے تاکہ ایران پر عائد پابندیوں کے حوالے سے تحفظات دور کیے جاسکیں۔ انھوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کے بھارت کے لیے سود مند ہونے میں کوئی شک نہیں۔

ویراپامولی کا کہنا تھا کہ ایران پر عائد پابندیوں سمیت کئی دیگر حساس معاملات پر بات چیت ضروری ہے جس پر غور کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی کابینہ گیس پالیسی پر غور کے بعد آئندہ 2 ہفتوں کے دوران اس کی منظوری دے گی۔ ویراپامولی نے کہا کہ ہماری پالیسی امریکہ سے مکمل طور پر ہم آہنگ نہیں، لہٰذا ہمیں پالیسی بناتے ہوئے تمام معاملات پر غور کرنا ہوگا۔

بھارتی وزیر پٹرولیم وقدرتی گیس نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبہ قابل عمل ہے اور ہم تمام چیزوں کو منظم کرنے کی کوشش میں ہیں کیونکہ پانی اور زمین کے مسائل حل طلب ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت گیس پائپ لائن کے حوالے سے رابطہ کرے تو پاکستان ردعمل ظاہر کرے گا۔ بھارت کو منصوبے میں شمولیت کیلئے پاکستان سے بات کرنا ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت گیس لائن منصوبے میں شمولیت کے لیے باضابطہ رابطہ کرے گا تو ردعمل دیں گے۔ دریں اثنا ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سول ایٹمی تعاون عالمی قوانین کے مطابق ہے۔
خبر کا کوڈ : 249410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش