0
Thursday 28 Mar 2013 19:47

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی نواز، شہباز، چودھری برادران اور منور حسن سے ملاقات

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی نواز، شہباز، چودھری برادران اور منور حسن سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد نجم سیٹھی اور سید منور حسن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ سید منور حسن نے نجم سیٹھی کو منصورہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہ کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کی ذمہ داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اب نجم سیٹھی اور ان کی کابینہ کا اولین فرض ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کو یقینی بنائیں، انہیں جہاں بھی ہماری ضرورت پڑے گی ہم انہیں مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ میری اولین ترجیح الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق غیر جانبدار الیکشن کروانا ہے، میری کابینہ انتہائی مختصر اور صرف پانچ چھ افراد پر مشتمل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے کل ملوں گا۔ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا مقصد ایماندار، محنتی اور بہترین افسران کے بارے میں ان کی آراء سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ کسی سیاسی رہنما نے ایسے کسی افسر کا نام نہیں لیا جس کا ان سے کوئی ذاتی تعلق ہو۔ مجھے اس پر بے حد خوشی ہے اور میرا کام بھی آسان ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مستقل انسپکٹر جنرل پولیس کا بھی فیصلہ کیا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر سے بھی بیوروکریسی میں رد و بدل کے حوالے سے ٹیلی فون پر مشاورت کر لی ہے، ایک ہفتے کے اندر بیوروکریسی میں ضروری رد و بدل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ سید منور حسن نے کہا کہ نجم سیٹھی کی پرعزم گفتگو سے امید بندھی ہے کہ وہ غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کے لیے اپنی بساط بھر کوشش کریں گے مگر انتخابات کو بااعتماد اور قومی امنگوں کے مطابق بنانے کی بنیادی ذمہ داری سیاسی جماعتوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دفعہ 62-63 پر پورے اترنے والے امیدواروں ہی کو سیاسی جماعتیں نامزد کریں اور آئین و قانون کی سختی سے پابندی کریں تو انتخابات کو بامقصد بنایا جا سکتا ہے۔ بعدازاں نگران وزیراعلیٰ نے چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انتخابات کے شفاف انعقاد کے حوالے سے بات چیت کی۔ بعدازاں نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی ماڈل ٹاؤن میں سابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کے بعد داتا دربار بھی گئے جہاں انہوں نے مزار پر چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی اور امن وامان کے لئے دعا کی۔ بعدازاں نجم سیٹھی نے مزار اقبال (رح) پر بھی حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کل جمعہ کو عمران خان کے ساتھ ملاقات طے ہو گئی ہے اور ان سے ہونے والی ملاقات میں بھی ملک کی سیاسی صورت حال اور انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے مشاور ت کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 249659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش