0
Thursday 4 Apr 2013 22:03

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج، نوٹس جاری

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز کے کاغذات نامزدگی چیلنج، نوٹس جاری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ نواز کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کردیا ہے اور اس ضمن میں ریٹرننگ آفیسر کے سامنے اعتراضات پر مبنی ایک درخواست دی گئی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے پیپلز پارٹی کی درخواست پر نواز شریف کو پانچ اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے۔

مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 120 سے امیدوار ہیں اور انکے کاغذات نامزدگی کو انکے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار سہیل ملک نے چیلنج کیا ہے۔ نواز شریف سولہ برس کے وقفے کے بعد عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اکتوبر ننانوے میں اپنی حکومت ختم ہونے کے بعد سعودی عرب چلے گئے تھے اور 2002ء میں ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے۔ 2008ء کے انتخابات میں نواز شریف پاکستان واپس آگئے تھے تاہم انہوں نے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔

ریٹرننگ آفیسر کے سامنے سہیل ملک کے وکیل میاں حنیف طاہر نے یہ اعتراضات اٹھائی ہیں کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں چنانچہ وہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں۔ میاں حنیف طاہر ایڈووکیٹ نے ریٹرننگ آفیسر کو بتایا کہ اصغر خان کیس میں نواز شریف ان سیاست دانوں میں شامل ہیں جو نادہندہ ہیں اور انہوں نے اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جے آئی) کے ذریعے لی گئی رقم واپس نہیں کی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل ملک کی طرف سے یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ نواز شریف سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ایک معاہدہ کرکے سعودی عرب گئے تھے تاہم وہ عوام کے سامنے اس معاہدے کے بارے میں غلط بیانی کرتے رہے ہیں۔

میاں حنیف طاہر ایڈووکیٹ کے بقول نواز شریف سیاست میں دوہرا معیار رکھتے ہیں کیونکہ ایک طرف سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کی بات کرتے رہے ہیں لیکن اب جب جنرل مشرف پاکستان میں ہیں تو انہوں نے کارروائی تو دور کی بات انکے خلاف کوئی بیان تک نہیں دیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل نے استدعا کی کہ انکے مدمقابل امیدوار نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے پر نااہل قرار دے کر انکے کاغذات مسترد کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 251569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش