0
Monday 8 Apr 2013 08:00

پہلوانوں کی بہو بیٹی سائرہ زبیر لاہور سے نواز شریف کے مدِ مقابل

پہلوانوں کی بہو بیٹی سائرہ زبیر لاہور سے نواز شریف کے مدِ مقابل
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی کزن سائرہ زبیر عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں اور وہ اپنی کزن کے شوہر یعنی نواز شریف کے مدمقابل امیدوار ہیں۔

سائرہ زبیر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ 120 سے امیدوار ہیں جہاں سے نواز شریف بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ سائرہ زبیر معروف پہلوان زبیر عرف جھارا کی بیوہ اور گوگا پہلوان کی بیٹی ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 120 سے نواز شریف اور سائرہ زبیر دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے ہیں۔ 2008ء میں قومی اسمبلی کے حلقہ 120 سے سائرہ زبیر کے قریبی رشتہ دار بلال یاسین کو مسلم لیگ نون کا ٹکٹ دیا گیا تھا جو نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے بھی رشتہ دار ہیں اور وہ اس حلقے سے کامیاب بھی ہوئے، تاہم اس بار نواز شریف خود اس حلقے سے امیدوار ہیں۔

سائرہ زبیر نے یہ دعوی کیا کہ ان کو مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ٹکٹ کی پیش کش کی تاہم وہ آزاد امید وار کے طور انتخاب لڑنا چاہتی تھیں۔ سائرہ زبیر کے مطابق جب انکی ملاقات جنرل پرویز کی سیکرٹری سے ہوئی تو انہوں نے اپنا ارادہ تبدیل کرتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جماعت کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

کلثوم نواز کی پھوپھی زاد بہن کا کہنا ہے کہ ان کی سوچ اور جنرل پرویز مشرف کا منشور ایک ہی ہے کیونکہ جنرل مشرف بھی غریب کی بات کرتے ہیں۔ ان کے بقول انہوں نے جنرل پرویز مشرف کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کسی کے کہنے یا مجبور ہوکر نہیں کیا۔ سائرہ زبیر نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ وہ کسی مخالفت کی وجہ سے اپنی پھوپھی زادہ بہن کلثوم کے شوہر کے خلاف عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں ۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ نواز شریف کی مخالفت کا سوچ بھی نہیں سکتی کیونکہ وہ ان کے لیے عزت کی جگہ پر ہیں۔ سائرہ زبیر نے کہا کہ یہ مخالفت نہیں بلکہ نظریات کی جنگ ہے اور اگر جمہوریت ہے تو اس میں اتنا حق تو ملنا چاہئے کہ کوئی اپنی آواز آگے تک پہنچا دے۔

جھارا پہلوان کی بیوہ کے بقول ان پر مختلف طریقوں سے یہ دباو ڈالا جارہا ہے کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر صورت میں انتخاب لڑیں گی اور جنرل پرویز مشرف کا ساتھ نہیں چھوڑیں گی۔
خبر کا کوڈ : 252460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش