0
Monday 8 Apr 2013 17:58

جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے راہنماؤں پر مقدمات ڈھکوسلا ہیں، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے راہنماؤں پر مقدمات ڈھکوسلا ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ ہیومن رائٹس نیٹ ورک پاکستان کے چئرمین اور جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی حکومت انسانی حقوق کی پامالیاں اور جماعت اسلامی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی مرتکب ہو رہی ہے، حسینہ واجد حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں پر جنگی جرائم کی پاداش میں چلائے جانیوالے مقدمات اور جنگی جرائم کے ٹربیونل کو اقوام عالم، انسانی حقوق کے ادارے نام نہاد قرار دے رہے ہیں۔

جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے راہنماؤں پر جنگی جرائم کے مقدمات ڈھکوسلا ہیں، پوری دنیا میں اور بالعموم بنگلہ دیش کے عوام حسینہ واجد حکومت کی فسطایت پر مبنی اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا 91 سالہ بزرگ سیاسی راہنما اور جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے سابق امیر پروفیسر غلام اعظم کو ان کے چھوٹے بھائی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق کی پامالی ہے، پورے ملک میں جماعت اسلامی کے راہنماؤں و کارکنان کے خلاف بدترین انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، سینکڑوں کو ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی و گرفتار ہیں جبکہ ان کی املاک کو بھی جلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا دنیا بھر کے ممالک بنگلہ دیش حکومت کے ظلم و بربریت، انسانی حقوق کی پامالیوں پر صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں مگر حسینہ واجد حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ انہوں نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، او آئی سی تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ بنگلہ دیش میں جاری تشدد پر فورا اجلاس بلائے اور بنگلہ دیشی حکومت کو نام نہاد جنگی جرائم کے ٹربیونل بند کرنے اور جماعت اسلامی کے راہنماؤں کو سزائے موت سنانے کے فیصلوں کو ختم کرنے پر مجبور کرے۔ انہوں نے کہا بنگلہ دیش میں اپوزیشن جماعتیں یک جان یک آواز ہو کر بنگلہ دیش کی سفاک اور ظالم حکومت کے خلاف متحد ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 252607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش