0
Monday 15 Apr 2013 14:24

بلوچستان، عسکریت پسندوں کی جانب سے 5 سے 11 مئی تک صوبے میں ہڑتال کا فیصلہ

بلوچستان، عسکریت پسندوں کی جانب سے 5 سے 11 مئی تک صوبے میں ہڑتال کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں پارلیمانی سیاست کی مخالف اور سخت گیر موقف رکھنے والی بلوچ قوم پرست جماعتوں کے اتحاد بلوچ نیشنل فرنٹ نے 5 مئی سے 11 مئی تک بلوچستان میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فرنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فرنٹ کے مرکزی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا، جو فرنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر منان بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ بیان میں اس بات کا تذکرہ نہیں کیا گیا ہے کہ یہ اجلاس کہاں ہوا تاہم اس کا مقصد پارلیمانی سیاست اورانتخابات کو ناکام بنانا بتایا گیا ہے۔ بلوچ نیشنل فرنٹ کی طرح بلوچ ریپبلیکن پارٹی اور کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیمیں بھی پارلیمانی سیاست اور انتخابات کے خلاف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ بلوچوں کے مسائل کا حل نہیں۔ ان تنظیموں نے بلوچ عوام کو انتخابات سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ مذکورہ جماعتوں اور تنظیموں کے فیصلے کے برعکس پارلیمانی سیاست پر یقین رکھنے والی بلوچ قوم پرست جماعتیں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور نیشنل پارٹی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور نیشنل پارٹی نے 2008ء میں ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اگرچہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور نیشنل پارٹی آئندہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں لیکن بلوچستان کے سینیئر صحافی اور تجزیہ نگار انور ساجدی کا کہنا ہے کہ بلوچ نیشنل فرنٹ کی جانب سے انتخابات کے موقع پر ایک ہفتے کی طویل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کے فیصلے سے بلوچستان کے بعض علاقوں میں انتخابات متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابات کو جس طرح ہونا چاہیے وہ عمل کافی حد تک متاثر ہوگا جبکہ بعض ایسے علاقے بھی ہیں کہ شاید وہاں ووٹر باہر نہ نکلیں اور وہ پولنگ سٹیشنوں تک نہ جاسکیں۔ اگر حکومت کی طرف سے کوئی اقدام کی جاتی ہے تو ظاہر ہے اس کے نتائج بھی اچھے نہیں نکلیں گے تصادم اور کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ انتخابات کے موقع پر ایک ہفتے تک پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے فیصلے کے علاوہ بلوچ نیشنل فرنٹ کی جانب سے نیوز چینلز کی بائیکاٹ کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ فرنٹ نے 2 ماہ قبل نیوز چینلز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 254341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش