0
Wednesday 17 Apr 2013 23:52

آئندہ وزیراعلٰی پنجاب پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعت سے ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

آئندہ وزیراعلٰی پنجاب پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعت سے ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) مل کر آئندہ انتخابات میں پنجاب سے چوروں اور لٹیروں کا صفایا کر دیں گے۔ شور مچانے سے ووٹ حاصل نہیں ہوتے جو خدمت کرتے ہیں عوام ان کو ہی منتخب کرتی ہے۔ بجلی کے بحران کا شور مچانے والے یہ بتائیں کہ 1997ء میں بےنظیر بھٹو کے دور حکومت (1995-1996) میں شروع ہونے والے بجلی کے منصوبوں کو کیوں ختم کیا گیا؟ دنیا کی کوئی طاقت پیپلز پارٹی کا خاتمہ نہیں کرسکتی۔ ماضی میں بھی آمروں، ڈکٹیٹروں اور جمہوریت دشمن عناصر نے پیپلز پارٹی کے خاتمے کیلئے سازشیں کیں، لیکن عوام کی طاقت نے ان عناصر کو مسترد کر دیا۔ آج بھی ملک کے گوشے گوشے میں عوام یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ”زندہ ہے بھٹو زندہ ہے“۔ شہید بھٹو اور شہید بی بی کا مشن اور پیپلز پارٹی کا منشور ہماری پہچان ہے اور تاقیامت جمہوریت کی مضبوطی کیلئے قربانیاں دیتے رہیں گے۔ وہ کراچی میں میڈیا سیل سے ویڈیو لنک پر پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماﺅں یوسف رضا گیلانی، میاں منظور وٹو اور لاہور ڈویژن کے اہم رہنماﺅں سے گفتگو کر رہے تھے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے چار گھنٹے تک پارٹی رہنماﺅں سے پنجاب کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی، انتخابی مہم اور ق لیگ سے ہونے والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل سیاسی قیادت اور انتخابی امیدواروں پر حملے انتہائی افسوسناک ہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے انتخابی عمل میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور یہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں پرامن ماحول میں شفاف انتخابات کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امیدواروں اور سیاسی قائدین کو فوری مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والے ماضی میں اپنے کارناموں پر نظر ڈالیں اور عوام کو بتائیں کہ انہوں نے ان کی کیا خدمت کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی اور جمہوری جماعت ہے، ہم جمہوری انداز میں سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے پانچ سالہ دور میں عوام کی کیا خدمت کی ہے۔ ہم نے ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط اور 1973ء کا آئین اصل شکل میں بحال کرتے ہوئے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو تفویض کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت پر لوڈشیڈنگ کے الزامات لگانے والے یہ بتائیں کہ (1995-1996) میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بے نظیر بھٹو نے ملک میں بجلی کی پیدوار 24 ہزار میگاواٹ تک کرنے کیلئے جن منصوبوں کا آغاز کیا تھا، 1997ء میں یہ منصوبے کیوں رکوائے گئے۔ اگر آج یہ منصوبے مکمل ہوتے تو ملک میں توانائی کا بحران نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئی تو ملک بھر میں متبادل توانائی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور ملک سے بجلی کے بحران کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ بھی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ان کی خدمت جاری رکھے گی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کو ہدایت کی کہ جن نشستوں پر مسلم لیگ ق کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے وہاں ق لیگ کی قیادت کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے اور بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ وزیراعلٰی پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعت سے ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 255261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش