0
Wednesday 10 Apr 2013 14:48

ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی، بلاول بھٹو

ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلٰی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کیلئے پیپلزپارٹی کے وفاقی اور چاروں صوبائی پارلیمانی بورڈز نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے، جلد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ شہید بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا اور انتخابات میں ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ پارٹی رہنما اور کارکنان آج (بدھ) سے عوامی اور انتخابی رابطہ مہم کا آغاز کر دیں، پہلے مرحلے میں وارڈ، سٹی اور ضلعی سطح پر کارنر میٹنگوں کا انعقاد کیا جائے۔ وہ منگل کو کراچی پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل سے نوڈیرو، کوئٹہ، لاہور اور پشاور میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے وڈیو لنک پر گفتگو کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ان رہنماؤں سے انتخابی مہم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔ 

بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی انتخابی اتحاد سے گھبرانے والی نہیں، مخالفین ہمارے خلاف کتنی سازشیں کرلیں، عوام میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت کم نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کی طاقت اور جمہوری طریقے سے بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔ پیپلزپارٹی شہیدوں اور عوام کی جماعت ہے اور عوام ہی ہماری طاقت ہیں۔ بلوچستان کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بھٹو کے چاہنے والے ہیں، لہذا یہاں بھی پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر صابر بلوچ، سینیٹر سردار فتح محمد حسنی، سید خورشید شاہ اور صادق عمرانی پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کر دی ہے اور اس کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں بھی ہم خیال اور قوم پرست جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے مذاکرات کئے جائیں اور 3 دن میں رپورٹ دی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے ملک میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی اور نواب شاہ، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور اور دیگر شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 253157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش