0
Thursday 9 May 2013 16:15

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور حلقہ پی پی200 کے امیدوار علی حیدر گیلانی کو اغوا کرلیا گیا

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور حلقہ پی پی200 کے امیدوار علی حیدر گیلانی کو اغوا کرلیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور پی پی200 کے امیدوار علی حیدر گیلانی کو اغوا کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی پی200 سے صوبائی امیدوار اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے صاحبزادے علی حیدر گیلانی آج انتخابی مہم کے سلسلے میں فرخ ٹاون میں ایک کارنر میٹنگ میں مصروف تھے کہ اِس دوران موٹر سائیکل اور کار پر سوار نامعلوم افراد نے موقع پر اندھادھند فائرنگ کر دی، جس سے علی حیدر گیلانی کے پرنسل سیکرٹری محی الدین موقع پر جاں بحق جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی ہوگئے، بعد میں مسلح افراد علی حیدر گیلانی کو اغوا کرکے لے گئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق علی حیدر گیلانی کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بھی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں۔ ایس ایس پی خرم کے مطابق ملزمان سیاہ کار میں علی حیدر گیلانی کو اغوا کرکے لے گئے ہیں۔ ہم نے پورے ملتان کی ناکہ بندی کر دی اور سارے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے لگا دیئے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کر لیا گیا، انتخابی جلسے میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ ملتان کے علاقے متی تل میں پیپلز پارٹی کا جلسہ ہو رہا تھا جس سے یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے بیٹے علی حیدر گیلانی خطاب کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہو گئی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اور زخمی چل بسا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علی حیدر گیلانی جلسہ گاہ سے غائب ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد انہیں گاڑی میں ڈال کر لے گئے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ علی حیدر گیلانی کو گاڑی میں ڈال کر لے جانے والے افراد پیپلز پارٹی کے کارکنان تھے یا پھر کوئی اغوا کار تھے۔ پولیس بھی اس بارے میں تاحال کوئی موقف دینے سے قاصر ہے۔ پولیس نے پورے شہر کی ناکہ بندی کرکے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اغوا کار شہر کے قریب قائم جنگل کی جانب گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے ناقص انتظامات تھے، جس کے باعث اتنا بڑا واقعہ پیش آیا۔ علی حیدر گیلانی ملتان کے حلقہ پی پی دو سو سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 262253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش