0
Monday 13 May 2013 10:17

بھارتی وزیر اعظم نے مبارک باد کے بعد نواز شریف کو بھارت آنے کی دعوت دی

بھارتی وزیر اعظم نے مبارک باد کے بعد نواز شریف کو بھارت آنے کی دعوت دی
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے پاکستان میں انتخابات کے نتائج کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ جمہوری حکومت کی تشکیل سے دونوں ملکوں کے رشتے اور مضبوط ہونگے، بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کے انتخابات میں نواز شریف کی پارٹی کی زبردست کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کیا ہے، انھوں نے پاکستانی عوام اور وہاں کی سیاسی جماعتوں کو تشدد کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے کثیر تعداد میں ووٹ ڈالنے پر مبارکباد دیا ہے، منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت نئی حکومت کے ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات کا نیا راستہ بنانے کے لیے تیار ہے، انہوں نے نواز شریف کو بھارت آنے کی دعوت بھی دی ہے، اس سے قبل بھارتی وزير خارجہ سلمان خورشید نے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف کی حکومت کے ساتھ ہمارے جو رشتے بنے تھے اس سے ہم میں یہ اعتماد پیدا ہوا تھا کہ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں اور ہمارے رشتے مضبوط ہوسکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے انتخابات کے دوران جو باتیں کہیں اس سے بھی ایسے ہی اشارے مل رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان کی مثبت پہل جاری رہیگی اور پھر بھارت بھی اس پر اپنا جواب دے سکتا ہے۔

بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی پاکستانی انتخابات کو خوش آئند بات بتایا لیکن کہا ہے ابھی یہ دیکھنا ہوگا کہ نئی حکومت کا رویہ کیسا رہتا ہے، پارٹی کے ترجمان مختار عباس نقوی نے کہا کہ اگر پاکستان مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام کی طرف پیش رفت کرتا ہے تو بلا شبہ یہ سکون کی بات ہے، لیکن نئی حکومت کا رویہ کیا ہوگا یہ دیکھنا ہو گا، ادھر مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں نواز شریف کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی ہے کہ سابق وزیر اعظم امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کا اپنا وعدہ پورا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 263207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش