0
Tuesday 14 May 2013 10:44

کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنے والے اپنی زبان کو لگام دیں، علامہ اظہار بخاری

کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنے والے اپنی زبان کو لگام دیں، علامہ اظہار بخاری
اسلام ٹائمز۔ چیرمین امن کمیٹی معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کی سازش کرنے والے اپنی زبان کو لگا م دیں۔ مینڈیٹ کا یہ مطلب نہیں، کہ پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کیلیے گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جائے۔ جنہیں پاکستان پسند نہیں، وہ خود ہی پاکستان چھوڑ دیں۔ جو پاکستان کا احترام نہ کرے، ہم اسے قابل عزت نہیں سمجھتے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی نازیبا گفتگو برداشت نہیں کریں گے۔ باہر بیٹھے سیاست دان مگر مچھی آنسو بہا کر روح قائد سے مذاق نہ کریں۔ طالبان نہیں، نام نہاد سیاست دان پاکستان کی سالمیت کیلیے خطرہ بن رہے ہیں۔ لیکن عالمان حق کی موجودگی میں پاکستان کی طرف کوئی میل آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔ پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کا ہنر بھی جانتے ہیں۔ سرزمین پاک پر ہر محب وطن کو جینے کا حق حاصل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سادات برادری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اظہار بخاری نے کہا ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے سادات خاندان کو متحد ہونا ہوگا۔ جس طرح نواسہ رسول (ص) سیدنا حضرت امام حُسین (ع) نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اسلام کا علم سر بلند کیا۔ اسی طرح پاکستان کے سادات پاکستان بچانے کیلیے کردار ادا کریں۔ خاندان رسول (ع) کی لڑی میں پروئے ہوئے سادات اپنے نانا (ص) کے مشن کو پھیلانے کیلیے میدان عمل میں آئیں۔ وقت آنے پر جب بھی بقائے پاکستان کو کوئی خطرہ لاحق ہوا، ہم اپنے خون سے اس کی پاسبانی کریں گے۔ پاکستان توڑنے کی سازش کرنے والے خود صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ پاکستان کا کھا کر پاکستان کے خلاف منصوبے بنانے والوں کو شرم آنی چائیے۔ مردہ ضمیر پاکستان کو لاوارث نہ سمجھیں۔ استحکام پاکستان کے خلاف سوچنے والوں کے خلاف ہر حربہ خاک میں ملا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 263637
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش