0
Friday 17 May 2013 16:59

مالاکنڈ ایجنسی، بازدرہ کی 2 مساجد میں دھماکے، 20 افراد جاں بحق 50 سے زائد زخمی

مالاکنڈ ایجنسی، بازدرہ کی 2 مساجد میں دھماکے، 20 افراد جاں بحق 50 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ ملاکنڈ کے علاقے بازہ درہ میں جمعہ کو دو مساجد کے قریب بم دھماکوں میں 20 افراد جاں بحق جبکہ کم از کم 50 زخمی ہوگئے۔ مالاکنڈ کے ڈپٹی کمشنر امجد علی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ پہلی مسجد پر حملے کے وقت وہاں موجود شاہد علی نے ٹیلی فون پر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ لوگوں نے جیسے ہی نماز جمعہ شروع کی تو دھماکہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر لوگوں کے ساتھ میں بھی جلدی سے باہر نکلا تو دیکھا کئی نمازی خون میں لت پت تھے۔ علی کا کہنا تھا کہ دوسری مسجد پر حملے کے بعد وہ وہاں پہنچا اور دیکھا کہ اس کی چھت منہدم ہوچکی ہے۔ شاہد کے مطابق کئی لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ پولیس افسر بادشاہ رحمان نے بتایا کہ دھماکوں کی وجہ سے ایک مسجد کی چھت منہدم ہوگئی جبکہ دوسری کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب تک کسی فرد یا تنظیم نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق مالا کنڈ ایجنسی کی دو مساجد میں نماز جمعہ کے وقت ہونے والے دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15ہوگئی ہے جبکہ 50 افراد زخمی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے مالاکنڈ ایجنسی کے علاقے باز درہ بالا کی دو مساجد میں ہوئے، دھماکوں کے وقت نماز جمعہ سے پہلے خطبے دیئے جا رہے تھے، دھماکوں سے دونوں مساجد کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں کیں، لاشوں اور زخمیوں کو خانا، درگئی اور مردان کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کرکے سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 264879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش