0
Tuesday 21 May 2013 19:27

عام انتخابات کے اعداد و شمار جاری، 4 کروڑ 62 لاکھ 17 ہزار سے زائد ووٹر نے حق رائے دہی استعمال کیا

عام انتخابات کے اعداد و شمار جاری، 4 کروڑ 62 لاکھ 17 ہزار سے زائد ووٹر نے حق رائے دہی استعمال کیا
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ قومی اسمبلی کی نشستوں پر ٹرن آؤٹ پچپن فیصد رہا۔ سب سے زیادہ ووٹ مسلم لیگ نون نے حاصل کئے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں چار کروڑ باسٹھ لاکھ سترہ ہزار سے زائد ووٹر نے حق رائے دہی استعمال کیا، جن میں سے مسلم لیگ نون ایک کروڑ اڑتالیس لاکھ پینسٹھ ہزار ووٹ لیکر سب سے بڑی جماعت رہی۔ دوسرے نمبر پر تحریک انصاف رہی، جسے چھہتر لاکھ اناسی ہزار سے زائد ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی نے اڑسٹھ لاکھ پچپن ہزار، آزاد امیدواروں نے اٹھاون لاکھ بیس ہزار اور ایم کیو ایم نے چوبیس لاکھ اٹھاون ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستوں پر ووٹوں کی شرح باون اعشاریہ دو فیصد رہی۔

صوبائی اسمبلیوں کا ٹرن آؤٹ پچپن اعشاریہ دو چھ فیصد رہا۔ سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو اکانوے بہاولنگر میں چوراسی اعشاریہ سات سات فیصد رہا جبکہ سب سے کم ووٹ قبائلی علاقہ جات سے حلقہ این اے بیالیس میں پڑے۔ یہاں ٹرن آؤٹ صرف گیارہ اعشاریہ ستاون فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے حلقوں پر خیبر پختونخوا میں ٹرن آؤٹ چوالیس اعشاریہ آٹھ تین، پنجاب انسٹھ اعشاریہ چھ دو، سندھ ترپن اعشاریہ آٹھ دو، بلوچستان بیالیس اعشاریہ پانچ، فاٹا کا ٹرن آؤٹ چھتیس اعشاریہ چار اور وفاقی دارالحکومت میں اکسٹھ اعشاریہ نو چھ فیصد رہا۔ صوبائی اسمبلیوں میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا ٹرن آؤٹ چوالیس اعشاریہ سات چار، پنجاب اٹھاون اعشاریہ پانچ دو، سندھ چون اعشاریہ چھ دو اور بلوچستان اسمبلی کا چالیس اعشاریہ آٹھ چھ فیصد رہا۔
خبر کا کوڈ : 266135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش