0
Tuesday 21 May 2013 18:33

امریکہ اور سعودی عرب براہ راست انتخابی عمل میں دخل اندازی کرتے رہے، علامہ ناصر عباس جعفری

امریکہ اور سعودی عرب براہ راست انتخابی عمل میں دخل اندازی کرتے رہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ تمام محب وطن سیاسی مذہبی قوتوں کو استحصالی، کرپٹ، خائن، نااہل سیاسی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، ایم ڈبلیو ایم تمام مظلوم عوام کی مضبوط آواز بنے گی اور ان کی جنگ خود لڑیں گے۔ امریکہ و سعودی عرب براہ راست انتخابی عمل میں دخل اندازی کرتے رہے اور بالآخر اپنی من پسند حکومت کی تشکیل میں کامیاب ہوگئے۔ سندھ اور پنجاب میں ہمارے مینڈیٹ کا استحصال کیا گیا اور الیکشن کمیشن تماشہ دیکھتا رہا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے نامزد امیدواروں اور کارکنان کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس پر وقار تقریب میں علامہ شیخ حسن صلاح الدین، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ مختار امامی، علامہ دیدار علی جلبانی، علامہ علی بخش سجادی، علامہ علی انور جعفری، علامہ نقی ہاشمی اور سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملت پاکستان کی امیدوں اور ارمانوں کی جس طرح اس الیکشن میں دھجیاں بکھیری گئی، شاید ہی ملکی تاریخ میں اس کی مثال نظر آئے، اس الیکشن میں ووٹ کاسٹنگ کا تناسب ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ رہا، وہ اس لئے کے مظلوم عوام اس فاشسٹ اور کرپٹ نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتے تھے، لیکن افسوس کے قوم کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا اور اس کی تمام تر ذمہ داری نام نہاد آزاد الیکشن کمیشن، جانبدار نگران حکومت اور فرض فراموش ایجنسیوں پر عائد ہوتی ہے۔ اگر اقتدار پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت منتقل ہونا تھا تو اربوں روپے کیوں اس ڈرامے میں جھونکے گئے، قوم ان تمام خیانتوں کا جواب ان اداروں سے چاہتی ہے۔ سندھ اور پنجاب میں کامیاب ہونے والے ایم ڈبلیو ایم کے امیدواروں کے نتائج 3 روز تک روک کر بوگس نتائج پیش کئے گئے، جس سے الیکشن کمیشن کا تعصب ظاہر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باریاں بدل بدل کر قوم کا استحصال کیا جا رہا ہے، عوام ظلم، کرپشن، بدامنی، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کی چکی میں پس پس کے ختم ہوچکے ہیں اور حکمراں میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں، الیکشن سے قبل ٹی وی چینلز پر اربوں روپے کے اشتہارات دکھانے والی سیاسی جماعتیں اپنے ان وعدوں کو جلد پورا کریں جو انھوں نے قوم سے ووٹ مانگنے کے لئے کئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم مسلکی، لسانی اور مذہبی تفریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام مظلوم طبقات کی نمائندگی کرے گی، تمام سیاسی جماعتوں کے خفیہ ایجنڈے میں تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی کار فرما ہے جبکہ ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے جو سب پر واضح ہے اور وہ حب الوطنی، بھائی چارہ اور امن و محبت ہے، ہم ایک فرقہ سے تو تعلق رکھتے ہیں لیکن ہماری جماعت کوئی فرقہ وارانہ جماعت نہیں اور اس کا واضح ثبوت الیکشن میں شیعہ، سنی، ہندو، عیسائی اور سکھوں کا ہم پر اعتماد اور ووٹ دینا ہے، ہم عدل کے نفاذ کے لئے تمام مسالک اور مذاہب کے ماننے والوں کا سہارا بنیں گے۔ عدل کے نفاذ کے لئے نہ فقط مسلمانوں نے بلکہ غیر مسلم عیسائیوں اور ہندؤں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہمارے کارکنان اور ہمدردوں کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جو کہ کسی صورت قبول نہیں، ہمارے صبر کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ایسا نہ ہو کہ علماء کا اپنے کارکنان کو کنٹرول کرنا بس سے باہر ہو جائے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے ان تمام ماؤں بہنوں، بزرگوں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے 11 مئی کو خوف کے خیبر کو شکست دیتے ہوئے گھروں سے باہر نکل کر اپنے حقِ رائے دہی کا اظہار کیا، ساتھ ہی ان خواتین پولنگ ایجنٹس کے حوصلوں کو بھی سراہا جن سے کراچی کی سیاسی مافیا نے دست درازی کی اور ان کی توہین کی۔
خبر کا کوڈ : 266155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش