0
Tuesday 28 May 2013 15:17

دہشتگردوں کا ساتھ نواز شریف کو دوبارہ پنجاب تک محدود کر دے گا، طارق نظامی

دہشتگردوں کا ساتھ نواز شریف کو دوبارہ پنجاب تک محدود کر دے گا، طارق نظامی
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) کے رہنماء طارق نظامی نے کہا کہ دہشت گرد جماعت متحدہ نے تطہیر کے نام پر تخریبی کمیٹی تشکیل دے کر ایک جانب کراچی میں قتل و غارت اور نئی حکومت میں شراکت کا منصوبہ ترتیب دے دیا ہے تو دوسری جانب انتخابی دھاندلی پر سے عوام کی توجہ ہٹانے کا منصوبہ بھی کامیاب بنا لیا گیا ہے۔ اب گیند مسلم لیگ (ن) کے کورٹ میں ہے کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ کس طرز عمل کا مظاہرہ کرتی ہے۔ البتہ نواز شریف کو یہ بات ضرور ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ طویل عرصے بعد وہ پنجاب سے نکل کر دیگر صوبوں میں نمائندگی حاصل کر پائے ہیں۔ انکی چھوٹی سی غلطی اور دہشت گردوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا عمل انہیں دوبارہ پنجاب تک محدود کرنے کا سبب بنے گا۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر اختر کالونی سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ نے تبدیلیوں کے نام پر بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اور لوٹ مار کے ذریعے دولت اکھٹی کرنے والوں کو بیرون ملک فرار کا محفوظ راستہ دیا ہے تاکہ کسی قسم کے احتساب سے بچا جا سکے اور نئے آنے والوں کے ذریعے نئے طریقوں سے لوٹ کھسوٹ اور قتل و غارت کرائی جا سکے۔
 
طارق نظامی نے مزید کہا کہ کراچی کا مسئلہ اتنا مشکل نہیں کہ حل نہ ہو سکے۔ پیپلز پارٹی نے منصوبے کے تحت شہر پر متحدہ دہشت گردوں کا قبضہ مضبوط بنایا اور انہیں ریاستی وسائل استعمال کرنے کی کھلی چھوٹ دے کر ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کے مواقع فراہم کئے۔ مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی کی پیروی کرنے کے بجائے گورنر سندھ کو تبدیل اور سیکیورٹی اداروں کو بلا امتیاز اور بھرپور آپریشن کے احکامات دے کر بدامنی کو کنٹرول کر سکتی ہے لیکن اسکے لئے ضروری ہے کہ کراچی کا امن اولین ترجیح ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد جماعت متحدہ نے کراچی میں بھرپور دھاندلی کے ذریعے نمائندگی حاصل کی ہے جسے مہاجر قومی موومنٹ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتیں مسترد کر چکی ہیں۔ آنے والی حکومت دھونس، دھاندلی اور خون خرابے کی سیاست کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لائحہ عمل کا اعلان کرے اہلیان کراچی خیر مقدم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 268294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش