0
Wednesday 17 Jul 2013 12:47

آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا، ثروت اعجاز قادری

آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا، ثروت اعجاز قادری

اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور لوڈ شیڈنگ سے نجات کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔ لاکھوں روپے کی بجلی و گیس چور ملز مالکان کے خلاف کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملک میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والے بجلی و گیس چور عوام دشمن ہیں۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روح کے مطابق سیاسی و مذہبی جماعتوں سے عسکری ونگ ختم کئے جائیں۔ کراچی میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہوگا جب تک آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مچھر کالونی سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس اور امان والے مہینے میں لیاری سے پریشان حال عوام کی نقل مکانی حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ حکومت عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے حکومت سنجیدہ نہیں، قیام امن کیلئے سندھ حکومت آل پارٹیز کانفرنس کیوں نہیں بلائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کیلئے ضروری ہے کہ یہاں کی اسٹیک ہولڈرز جماعتوں کی مشاورت و متفقہ فیصلے کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر و ٹارگٹ کلرز کے خلاف اقدامات کئے جائیں تاکہ ماحول خوشگوار اور کراچی کی روشنیاں بحال ہو جائیں۔

خبر کا کوڈ : 283978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش