0
Monday 29 Jul 2013 00:18

اسلام و جہادکے نام پر استعماری ایجنٹ اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں، طارق محبوب

اسلام و جہادکے نام پر استعماری ایجنٹ اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں، طارق محبوب
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل، مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے قائم مقام سیکریٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سرپرست اعلیٰ طارق محبوب نے کہا ہے کہ شہدائے بدر کی قربانیاں تاریخ کا درخشاں باب ہیں۔ معرکہ غزوہ بدر حق و باطل کا معرکہ تھا جس میں 313 اصحاب رسول ﴿ص﴾ نے ایک ہزار سے زائد لشکر کفار کو شکست دی اور اللہ تعالیٰ کے دین کو بلند کیا۔ وہ اے این آئی کیماڑی ٹاﺅن کے زیر اہتمام یوم شہدائے غزوہ بدر کے موقع پر عوامی دعوت افطار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کراچی کے صدر علامہ فیصل عزیزی، اے این آئی ضلع غربی کے سینئر رکن رفیق عالم، کیماڑی ٹاﺅن کے رہنما میر احمد، جان عالم، محمد عثمان نے بھی خطاب کیا۔ طارق محبوب نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو کفر اور ظلم کی قوتوں کے مظالم کا سامنا ہے۔ جب ایمان کی کمزوری ہوتی ہے تو کفر غالب آ جاتا ہے۔
 
طارق محبوب نے کہا کہ آج مسلم حکمران غیروں کے دست نگر بنے ہوئے ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ کو سپر طاقت ماننے کے بجائے امریکا کو سپر پاور سمجھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 56 مسلم ممالک واقعہ غزوہ بدر کو اگر مشعل راہ بنالیں تو فتح و نصرت ان کے قدم چومے گی۔ طارق محبوب کا ززید کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ اسلام اور جہاد کے مقدس نام پر بیرونی قوتوں کے ایجنٹ اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں اور استعمار کے ایجنٹ بن کر دہشت گردی، بم دھماکوں اور خودکش حملوں سے نہ صرف بے گناہوں کا خون ناحق بہا رہے ہیں بلکہ خدا کے قہر و غضب کو دعوت دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غزوہ بدر کے لہو سے ایفائے عہد کرتے ہوئے دشمنان دین و ملت کے خلاف جذبہ جہاد کو بیدار اور بلند کرکے غلبہ اسلام کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
 
سنی اتحاد کونسل کراچی کے صدر علامہ فیصل عزیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے بدر نے اپنے خون سے اسلام کی آبیاری کی اور عشق رسول ﴿ص﴾ کے جذبے سے سرشار ہو کر کفر کو شکست فاش دی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام کی نشاة ثانیہ کو آج غزوہ بدر کے جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شام اور مصر میں خارجی اور یزیدی قوتوں کی فسطائی سازشوں، اہلبیت اطہار ﴿ع﴾ اور صحابہ کرام ﴿رض﴾ کے مزارات کی بے حرمتی مسلم حکمرانوں کیلئے کھلا چیلنج ہے۔ مسلم حکمران خواب غفلت سے بیدار ہو کر امت کی رہنمائی اور تحفظ کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی امت مسلمہ پر مظالم اور انسانی حقوق کی پائمالی اور صحابہ کے مزارات پر حملوں کا نوٹس لے کر اپنی عملی غیر جانبداری کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 287721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش