0
Thursday 1 Aug 2013 18:28

یوم القدس ظالموں کے مقابلے میں قیام کرنے کا دن ہے، شیعہ تنظیموں کا مشترکہ مؤقف

یوم القدس ظالموں کے مقابلے میں قیام کرنے کا دن ہے، شیعہ تنظیموں کا مشترکہ مؤقف
اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی القدس کے کنوینر علامہ عقیل موسیٰ، مجلس وحدت مسلمین کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دیدار جلبانی، آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عابدی، امامیہ آگنائزیشن کراچی کے لئیق الزماں، ہئیت آئمہ مساجد کے جنرل سیکریٹری علامہ باقر زیدی اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے پاک محرم ہال کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعة الوداع کو یوم القدس کے موقع پر 23 رمضان المبارک کو نکالی جانے والی مرکزی آزادی القدس ریلی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت پاکستان جمعة الوداع کو تمام نسلی اور لسانی امتیازات کو فراموش کرتے ہوئے امت واحدہ بن کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے امام خمینی (رح) کے فرمان پر یوم القدس منائے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے دشمن متحد ہوکر مسلم امہ کو تقسیم کرنے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج پینسٹھ برسوں سے اسلامی مقبوضات کشمیر اور فلسطینی سامراجی شیطانی قوتوں کے غاصبانہ قبضے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سمیت، عراق، افغانستان، مصر، شام اور فلسطین مسلم دنیا اور مسلم امہ کے اہم ترین مسائل ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے مسلم امہ متحد ہوکر اٹھ کھڑی ہو اور غاصب اسرائیلی دشمن کے خلاف مشترکہ قیام کا اعلان کرے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جمعة الوداع یوم القدس دراصل مظلوموں کے ظالموں کے مقابلے میں قیام کرنے کا دن ہے، یوم القدس کو پوری مسلم امہ کو چاہئیے کہ عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائے اور ان سامراجی قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے۔ رہنماؤں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے عظیم بانی اور اکیسویں صدی کے عظیم الشان رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو فلسطینیوں اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کا دن قرار دیتے ہوئے ” یوم القدس “ قرار دیا ہے تاہم امت کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کی آزادی کے لئے یوم القدس کو قبلہ اول کی بازیابی کے احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کرے اور دنیا بھر کے تمام ممالک کی فضائیں مردہ باد امریکہ اور نامنظور اسرائیل کے نعروں سے گونج اٹھنی چاہئیں اور دراصل یہی عالمی سامراجی قوتوں کی موت کا دن ہے۔

مقررین نے پاکستان کے غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعة الوداع یوم القدس کو امام خمینی (رح) کے فرمان کے مطابق اپنے گھروں سے نکل پڑیں اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے نکالی جانے والی القدس ریلیوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعة الوداع یوم القدس کے موقع پر پاکستان کی فضاؤں کو امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھنا چاہئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر اور محور ہے، علمائے کرام نماز جمعہ کے خطبات میں یوم القدس کے حوالے سے خصوصی خطبات دیں اور پاکستان کے غیور عوام یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے امریکہ اور غاصب اسرائیل کی ناک زمین پر رگڑ دیں۔
خبر کا کوڈ : 288857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش