0
Tuesday 6 Aug 2013 18:41

سنی اتحاد کونسل نے 27 رمضان کو یوم پاکستان کے طور پر منایا

سنی اتحاد کونسل نے 27 رمضان کو یوم پاکستان کے طور پر منایا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام 27رمضان المبارک کی مناسبت سے ملک بھر میں یومِ پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں محبت پاکستان کانفرنسیں منعقد کی گئیں اور سنی اتحاد کونسل کے دفاتر پر قومی پرچم لہرانے کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان نے تحریک پاکستان کے مشاہیر کے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

یومِ پاکستان کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں ’’محبت پاکستان کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت پاکستان کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ عشقِ پاکستان کے نظریے کو فروغ دے کر تعصبات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ پوری قوم تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستانیت کی سوچ اپنائے۔ نظامِ مصطفی کے نفاذ سے ہی قیام پاکستان کے مقاصد پورے ہوں گے۔ نااہل حکمرانوں نے قائداعظم کے پاکستان کو امریکہ کی کالونی بنا دیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شبِ قدر کو دنیا کے نقشے پر ابھرنے والا پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔ قیامِ پاکستان کو 65سال گزر جانے کے باوجود قیامِ پاکستان کے مقاصد پورے نہیں ہوئے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکامِ پاکستان کے لیے امریکہ اور طالبان سے نجات ضروری ہے۔ پاکستان نور ہے اور نور کو زوال نہیں۔ اہل حق ناموسِ ارضِ وطن کے تحفظ کے لیے سب کچھ قربان کر دیں گے۔

سنی اتحاد کونسل کے فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام ہوں گی اور پاکستان صبحِ قیامت تک قائم رہے گا۔ یومِ پاکستان کے موقع پر سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، چنیوٹ میں محمد نواز کھرل، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں علامہ فضل جمیل نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 290323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش