0
Saturday 17 Aug 2013 20:44

کور کمانڈر حملہ کیس، کالعدم جنداللہ کے 2 دہشتگردوں کی سزائے موت کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

کور کمانڈر حملہ کیس، کالعدم جنداللہ کے 2 دہشتگردوں کی سزائے موت کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کور کمانڈر حملہ کیس میں سزائے موت پانے والے ملک دشمن کالعدم دہشت گرد تنظیم جنداللہ کے دہشت گردوں کی سزاﺅں کے خلاف دائر اپیلیں سماعت کیلئے منظور کرلیں۔ کور کمانڈر حملہ کیس میں سزائے موت پانیوالے کالعدم دہشت گرد تنظیم جنداللہ کے دو دہشت گردوں کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سزائے موت پانیوالے کالعدم دہشت گرد تنظیم جنداللہ کے کراچی کے امیر عطاء الرحمان اور نائب امیر شہزاد باجوہ نے اپیل دائر کی ہے کہ ان کو2006ء میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی اور ہائیکورٹ نے بھی اس سزا کو برقرار رکھا۔ دہشت گردوں نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ دونوں عدالتوں نے حقائق کو نظر انداز کیا اور فیصلے میں جانبداری کا مظاہرہ کیا لہٰذا عدالت عظمیٰ سزائے موت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے جس پر سپریم کورٹ نے ان کی یہ اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔

واضح رہے کہ ملک دشمن کالعدم دہشت گرد تنظیم جنداللہ سے تعلق رکھنے والے ان دہشت گردوں نے 10 جون 2004ء میں کلفٹن پل پر کراچی میں پاک فوج کے کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل احسن سلیم حیات کے کانوائے پر اس وقت گھات لگا کر حملہ کیا جب وہ اپنے گھر جا رہے تھے۔ اس حملے میں چھ فوجیوں سمیت دس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ دونوں دہشت گردوں کو کو 2004ء میں کور کمانڈر حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کو 2006ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ حملے کے دو دن بعد کراچی کے ایک اپارٹمنٹ سے شہزاد باجوہ سمیت اپنے دیگر آٹھ ساتھی دہشت گردوں کے ساتھ گرفتار ہونے والے عطاء الرحمان نے تحقیقات کے دوران کراچی میں سات مئی 2004ء کو سانحہ حیدری مسجد اور اکتیس مئی 2004ء کو ہونے والے سانحہ مسجد و امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 293425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش