0
Monday 19 Aug 2013 20:22

مصر کو مقتل بنانے کی منصوبہ بندی واشنگٹن میں تیار کی گئی، صاحبزادہ حامد رضا

مصر کو مقتل بنانے کی منصوبہ بندی واشنگٹن میں تیار کی گئی، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل مصر میں فوجی مظالم کے خلاف دستخطی مہم چلائے گی۔ لاکھوں افراد سے دستخط کروا کر خصوصی احتجاجی یادداشت اقوام متحدہ کو ارسال کی جائے گی۔ سنی اتحاد کونسل مسلم حکمرانوں کو خطوط بھی ارسال کرے گی۔ ان خطوط میں مسلم حکمرانوں سے مصر کے بحران کے حل اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی جائے گی نیز سنی اتحاد کونسل کا وفد اسلام آباد میں تمام ممالک کے سفیروں سے ملاقات کرے گا اور سفیروں کو مصر میں اخوانی کارکنوں کے قتل عام کے خلاف پاکستانی عوام کے جذبات و احساسات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی زیرصدارت مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مصر کو مقتل بنانے کی منصوبہ بندی واشنگٹن میں تیار کی گئی۔ مصر میں تاریخ کا بدترین قتل عام جاری ہے۔ عالمی برادری مصر میں غیرجمہوری طاقتوں کے اقتدار پر قبضے کے خلاف آواز اٹھائے، مصر میں جمہوری حقوق کیلئے احتجاج کرنے والوں کے خلاف ریاستی طاقت کا بدترین استعمال شرمناک ہے۔ مصر میں مرسی کے حامیوں کے قتل عام پر عالمی ضمیر کیوں خاموش ہے۔ اجلاس میں پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد سعید رضوی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، محمد نواز کھرل، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، الحاج سرفراز تارڑ، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، ملک بخش الٰہی، پیر طارق ولی چشتی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، شیخ ذوالفقار رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 293966
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش