0
Wednesday 21 Aug 2013 15:45

طالبان نے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے بینظیر بھٹو کے خلاف کارروائی کی تھی، ہیرالڈو منوز

طالبان نے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے بینظیر بھٹو کے خلاف کارروائی کی تھی، ہیرالڈو منوز
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیرالڈو منوز نے اپنے آرٹیکل میں انکشاف کیا ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل کا حکم القاعدہ نے دیا تھا جب کہ طالبان نے اسٹیبلیشمنٹ کی ہی مدد سے قاتلانہ کارروائی کی تھی۔ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیرالڈو منوز نے امریکی میگزین فارن افئیرز میں لکھے گئے اپنے آرٹیکل میں بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات سے پردہ فاش کردیا۔ ہیرالڈو منوز نے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ بینظیر قتل کیس کا معمہ کبھی حل نہیں ہوگا، وہ لکھتے ہیں کہ مقامی پولیس نے بینظر بھٹو قتل کیس کے حقائق پر پردہ ڈالا ہے۔ انہوں نے بے نظیر بھٹو کے قتل میں پرویز مشرف کے کردار کے حوالے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے ای میل کے ذریعے پہلے ہی پرویز مشرف کی جانب سے لاحق خطرات سے بھی آگاہ کردیا تھا، یہ بات بھی ثبوت کے طور پر موجود ہے کہ پرویز مشرف کے ساتھ معاہدے کے باوجود بے نظیر بھٹو نے وطن کی واپسی پر ان کی حکومت پر سخت تنقید شروع کردی تھی اور الیکشن میں قبل از وقت دھاندلی کے الزامات بھی لگائے تھے، جبکہ پرویز مشرف اور پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے بے نظیر بھٹو کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی۔

ہیرالڈو منوز نے آرٹیکل میں آئی ایس آئی کے کردار کو بھی مشکوک قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ کیس میں خفیہ اہلکاروں کے ملوث ہونے کے شبے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، طالبان نے اسٹیبلیشمنٹ عناصر کی مدد سے قاتلانہ کارروائی کی تھی۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف سے ملاقات کرنے پر انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اعتراف کیا تھا کہ مقامی پولیس نے واقعے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا، وہ سمجھتے تھے کہ بیت اللہ محسود قبائلی علاقوں سے باہر بڑی کارروائی نہیں کر سکتا۔ ہیرالڈو منوز نے مزید لکھا کہ بے نظیر بھٹو کی ذاتی سیکورٹی ٹیم بھی اس روز ناکام رہی اور قتل کا واقعہ ایک نہیں بلکہ کئی افراد کی شمولیت سے پیش آیا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیرالڈو منوز کو جولائی 2008ء میں بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرنے پر مقرر کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 294506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش