0
Friday 23 Aug 2013 09:11

پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بیرسٹر سلطان

پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور قانون اسمبلی کے رکن بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد بھارت خطے میں اہم کردار کا خواہشمند ہے جس کے لئے وہ پاکستان سے تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھی مظالم تیز کر دئیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کے باعث بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔  وہ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مشیر برائے امور کشمیر ارشد برکی کے ظہرانے پر عمائدین سے گفتگو کر رہے تھے۔ ظہرانے کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایڈووکیٹ، چوہدری مالک اور چوہدری منظور سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔ 

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم نے اپنے دورہ یورپ اور برطانیہ کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے کہا وہ بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام پہنچانے آئے ہیں کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر خاموشی پورے خطے بلکہ دنیا بھر کے سنگین نتائج لے کر آئے گی چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہا ہے کہ انخلاء کے لئے محفوظ راستہ پاکستان دے سکتا ہے اور اس میں بھارت کا کوئی کردار نہیں۔ دوسری جانب بھارت اپنا کردار بنانے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان نے اس موقع پر انتہائی ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے اور مسلسل صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے مگر بھارت کی پوری کوشش ہے کہ وزراء اعظم کے درمیان ہونے والی متوقع ملاقات بھی منسوخ کی جائے اور کشیدگی کو بڑھایا جائے۔ مگر اس سب کچھ کے باوجود پاکستان کو سفارتی سطح پر کامیابیاں ملی ہیں۔ 

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے تاریخی موقع پر پاکستان کی کامیاب سفارتی پالیسی نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھی کشمیر کو حساس مسئلہ قرار دے چکے ہیں لہٰذا ہمارے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اس وقت تک دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بین الاقوامی برادری کے لئے یہی پیغام لے کر میں یورپ کے دورے پر آیا ہوں جہاں اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کے دوران اس ایشو کو اجاگر کیا جائے گا۔ قبل ازیں ارشد برکی نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو اپنی رہائش گاہ پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا بیرسٹر سلطان محمود پیپلزپارٹی کا قیمتی اثاثہ یں ہم اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی جانتے ہیں بیرسٹر سلطان محمود کی پارٹی کے علاوہ آزاد کشمیر اور کشمیر کاز کے لئے بے مثال قربانیاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 295024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش