0
Monday 26 Aug 2013 04:56

سانحہ بھکر کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

سانحہ بھکر کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام پاکستان کے تمام بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، حیدرآباد، بھکر، کوٹلہ جام، بہاولپور سمیت دیگر مقامات پر سانحہ بھکر کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او سمیت مختلف تنظیموں کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرین کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی، سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین، صوبائی ترجمان علامہ اصغر عسکری، راولپنڈی کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید سعید الحسن رضوی اوردیگر راہنماء بھی موجود تھے۔ 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی، ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی اور علامہ گل حسن مرتضوی نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام کربلا گامے شاہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عمران اور حسین زیدی نے کی۔ شرکاء نے سانحہ بھکر میں پولیس اور انتظامیہ کے جانبدارانہ رویے کے خلاف شدید نعرے بازی اور سانحہ میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کراچی کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے سامنے سانحہ بھکر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دیدار علی جلبانی، حسن ہاشمی اور علی حسین نقوی نے کی۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین موجود تھے، جنہوں نے شہدا سے تجدید عہد کے لئے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ اس کے علاوہ فرید گیٹ بہاولپور میں مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کوٹلہ جام میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام حسینی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 295682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش