0
Sunday 15 Sep 2013 14:47

اپر دیر میں دھماکہ، میجر جنرل ثناءاللہ اور لیفٹیننٹ کرنل توصیف سمیت 3 فوجی افسران شہید

اپر دیر میں دھماکہ، میجر جنرل ثناءاللہ اور لیفٹیننٹ کرنل توصیف سمیت 3 فوجی افسران شہید
اسلام ٹائمز۔ پاک افغان سرحد پر اپردیر کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر جنرل ثنا اللہ شہید ہوگئے، ان کے ہمراہ لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان ستار بھی جام شہادت نوش کر گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجرجنرل ثنااللہ پاک افغان سرحد کے قریب اگلے مورجوں کی چیک پوسٹ پر دورے پر تھے، وہ اس وقت بارودی سرنگ دھماکے کا نشانہ بنے جب وہ چیک پوسٹ کا دورہ مکمل کرکے واپس آ رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشت گردوں نے سڑک کنارے بارودی مواد نصب کیا تھا، یہ واقعہ بن شئی اپر دیر میں پیش آیا، میجر جنرل ثنااللہ جنرل آفیسر کمانڈنگ سوات ڈویژن تھے، صدر اور وزیراعظم نے میجر جنرل ثناللہ اور دیگر کی دہشت گرد حملے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، نواز شریف نے کہا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم کم نہیں ہوگا۔

دیگر ذرائع کے مطابق، اپر دیر میں دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں تین اعلٰی افسران شہید اور دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے جبکہ شمالی وزیرستان میں ایف سی کے قافلہ پر ایک حملہ میں ایک اہلکار اور بنوں میں خاصہ دار فورس پر حملہ میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید ہونیوالوں میں جی سی او میجر جنرل ثناءاللہ نیازی، کمانڈنگ افسر 33 بلوچ رجمنٹ لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان ستار شامل ہیں۔ پاک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے انتہائی سینئر افسران میجر جنرل ثناءاللہ نیازی پاک افغان سرحد پر چیک پوسٹوں کے دورے پر گئے تھے۔ جی او سی سوات مالاکنڈ ڈویژن میجر جنرل ثناءاللہ نیازی، لیفٹیننٹ کرنل توصیف اور لانس نائیک عرفان ستار دورہ مکمل کرکے واپس اپنے قافلے کے ہمراہ آ رہے تھے کہ اچانک اپر دیر میں بن شاہی کے علاقہ میں دہشتگردوں کی جانب سے سڑک پر نصب کی گئی بارودی سرنگ سے ان کی گاڑی ٹکرا گئی، جس سے تینوں افسران موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ 

میجر جنرل ثناءاللہ سوات ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی سی او) جبکہ لیفٹیننٹ کرنل توصیف کمانڈنگ آفیسر 33 بلوچ رجمنٹ تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ میجر جنرل ثناءاللہ نیازی نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرحدی علاقہ سے واپس آنا تھا لیکن موسم خراب ہونے کے باعث انہیں گاڑی کے ذریعے آنا پڑا اور ان کی گاڑی اس بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی اور وہ حادثہ کا شکار ہوگئے۔ صدر اور وزیراعظم نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے اور نہ ہی دہشتگردی کیخلاف حکومتی عزم متزلزل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 301991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش